رسائی کے لنکس

شہری اتحادی افواج کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے


نیٹو اور افغان حکام کی تفتیش سے ثابت ہوا ہے کہ صوبہ پکتیا کے ضلع جانی خیل میں چھ شہریوں کی حادثاتی ہلاکت اتحادی افواج کی فائرنگ سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل اتحادی افواج نے اعتراف کیا تھا کہ رواں ہفتے غلط اطلاعات کی بنا پر کیے جانے والے فضائی حملے چھ افغان فوجی طالبان عسکریت پسند ہونے کے شبے میں مارے گئے اور اس کی افغان حکومت نے مذمت کی تھی۔

حکام کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ جمعرات کو ہونے والی یہ شہری ہلاکتیں اتحادی فوجیوں کا نشانہ چوکنے سے ہوئیں ۔ بین الاقوامی افواج کی طرف سے سے جاری ہونے والے بیان میں اس اعتراف کے ساتھ ہلاک شدگان سے اظہار تعزیت بھی کیا گیا ہے۔

اس سے قبل افغان وزارت داخلہ نے ان ہلاکتوں کو عسکریت پسندوں کی طرف سے داغے گئے راکٹ کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔

اتحادی و افغان افواج کی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکتیں ایک حساس معاملہ ہے جو صدر کرزئی کی حکومت اور بین الاقوامی افواج کے مابین کشیدگی کی وجہ رہا ہے۔

افغانستان میں اتحادی افواج کے برطرف ہونے والے سربراہ جنرل اسٹینلی میک کرسٹل نے شہری ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے کے لیے فوجیوں کو سخت احکامات جاری کررکھے تھے تاہم نئے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی طرف سے اتحادی افواج کی کمان سنبھالنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ وہ سابقہ پالیسی میں خاطر خواہ تبدیلیا ں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG