رسائی کے لنکس

نیٹو کو افغانستان میں مزید ایک ہزار تربیت کار درکار


نیٹو کو افغانستان میں مزید ایک ہزار تربیت کار درکار
نیٹو کو افغانستان میں مزید ایک ہزار تربیت کار درکار

نیٹو نے فوجی اتحاد میں شامل ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ برس تک افغان سکیورٹی فورسز کی تربیت مکمل کرنے کے لیے مزید ایک ہزار ماہرین افغانستان بھیجیں، تاکہ منصوبے کے تحت مغربی ممالک کی افواج کے انخلا کا عمل شروع کیا جا سکے۔

امریکی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ولیم کالڈویل (William Caldwell) نے کہا ہے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی ذمہ داریوں کی مقامی سطح پر منتقلی کا انحصار بین الاقوامی فوجی اتحاد کے ممبران کی طرف سے یہاں تربیت کاروں کی فراہمی پر ہے۔

منگل کے روز برسلز میں لیفٹیننٹ جنرل کالڈویل کا کہنا تھا کہ افغان فوج اور پولیس کی مجموعی تعداد تین لاکھ تک بڑھانے کے لیے اب بھی ایک لاکھ تینتیس ہزار اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی ضرورت ہے اور اس ہدف کو حاصل کرنے میں تاخیر بین الاقوامی افواج کے انخلا پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

افغانستان میں پولیس اور فوج کو ہونے والے جانی نقصانات اور بھرتیوں کی شرح میں کمی مقامی حکومت کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔

دریں اثنا نیٹو کا کہنا ہے کہ منگل کو جنوبی افغانستان میں شدت پسندوں کے حملے میں ایک غیر ملکی فوجی ہلاک ہو گیا تاہم اس واقعے کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔

XS
SM
MD
LG