رسائی کے لنکس

افغانستان: فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر کرزئی کا نیٹو کو انتباہ


افغانستان: فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر کرزئی کا نیٹو کو انتباہ
افغانستان: فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر کرزئی کا نیٹو کو انتباہ

افغان صدر حامد کرزئی نےشہری ہلاکتوں پر امریکی اور نیٹو کی افواج کو’ آخری انتباہ‘ جاری کیا ہے، جِس سےقبل افغان عہدے داروں نے بتایا کہ جنوبی افغانستان میں نیٹو کے فضائی حملوں میں 14افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مسٹر کرزئی نے ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آہنگی کے بغیر عمل میں لائی جانے والی کارروائیوں کےباعث بے گناہ افغان شہری ہلاک ہوتے ہیں۔

افغان صدر اتحادی افواج پر زور دیتے رہے ہیں کہ ہلاکتوں میں کمی لانےکی غرض سے رات کوکیے جانے والےحملوں میں کمی کی جائے اور افغان فوج سےمشاورت کی جائے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کو رات گئے صوبہ ٴ ہلمند کے نوٴزاد ضلع میں ہونے والے فضائی حملےمیں دو گھر ہدف بنے جِن میں 14ہلاک ہونے والےخواتین اور بچے تھے۔ اُن کا کہنا ہے کہ حملے میں چھ سولین زخمی ہوئے۔

نیٹو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وہ سولین ہلاکتوں کے بارے میں ملنے والی رپورٹوں سے آگاہ ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ایک مشترکہ جائزہ ٹیم کوجائے حادثہ کی طرف بھیجا گیا ہے اور یہ کہ اتحاد بعد میں اپنی سفارشات جاری کرے گا۔

مقامی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ فضائی کارروائی علاقے میں واقع ایک امریکی میرین اڈے پر حملے کے نتیجے میں کی گئی۔

واشنگٹن میں ، امریکی سینیٹر جان مک کین نے، جو سینیٹ کی مسلح افواج کی کمیٹی کے رینکنگ ری پبلیکن رُکن ہیں، ’ فاکس نیوز‘ کو بتایا ہے کہ وہ جولائی میں افغانستان سے امریکی فوج کےانخلا کا آغاز کرنے کےانتظامیہ کےمنصوبے سے اتفاق نہیں کرتے۔
اُنھوں نے کہا کہ اِس کے برعکس فوج میں کمی لانے کا معاملہ زمینی حقائق کی بنیاد پر طےہونا چاہیئے۔ امریکی قیادت میں کام کرنے والی نیٹو اتحاد کی ملک میں تقریباً 150000فوج تعینات ہے۔ اِن میں سے تقریباً 100000فوجی امریکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG