رسائی کے لنکس

افغانستان:ہیلی کاپٹر کی جائے حادثہ تک نیٹو کی رسائی


افغانستان:ہیلی کاپٹر کی جائے حادثہ تک نیٹو کی رسائی
افغانستان:ہیلی کاپٹر کی جائے حادثہ تک نیٹو کی رسائی

نیٹو نے کہا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے وسطی افغان صوبے وردک میں دو روز قبل گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں اکٹھی کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔

اتحادی افواج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس کے فوجیوں نے جائے حادثہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے جہاں ہفتے کو 'چینوک' ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 30 امریکی فوجی، سات افغان کمانڈوز اور ایک افغان ترجمان ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار اہلکار تگاب نامی وادی میں پھنسے ہوئے امریکی رینجرز کے ایک زمینی دستے کی مدد کے لیے جارہے تھے جو شدت پسندوں کے حملے کی زد میں آگیا تھا۔

امریکی اور افغان فوجی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچنے میں شدت پسندوں کی مزاحمت کا سامنا تھا اور فریقین کے درمیان اتوار کو علاقے میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 10 سال سے جاری جنگ میں افغانستان میں تعینات امریکی اور اس کی اتحادی افواج کو کسی ایک دن میں ہونے والا یہ سب سے بڑا جانی نقصان تھا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے ان دعوؤں کی تصدیق کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو طالبان شدت پسندوں نے نشانہ بنایا تھا۔

مقامی افغان فورسز کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو اس وقت راکٹ سے نشانہ بنایا گیا تھا جب امریکی افواج کی سربراہی میں طالبان کے زیرِ استعمال ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا۔ علاقے میں جاری لڑائی میں آٹھ طالبان شدت پسند بھی مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG