رسائی کے لنکس

نیٹو افواج کے خلاف افغانوں کا مظاہرہ


نیٹو افواج کے خلاف افغانوں کا مظاہرہ
نیٹو افواج کے خلاف افغانوں کا مظاہرہ

مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں بدھ کو سینکڑوں افراد نے اتحادی افواج کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ان دو افغانوں کی لاشیں اٹھا رکھی تھیں جنہیں ایک روز قبل نیٹو افواج نے عسکریت پسند قرار دے کر ہلاک کردیا تھا۔

مظاہرین نے افغانستان کو پاکستان سے ملانے والی جلال آباد شاہراہ کو کئی گھنٹو ں تک بند کیے رکھا ۔ انھوں نے ہلاک شدگان کی لاشیں اٹھا رکھی تھیں اور امریکہ مخالف نعرے لگاتے رہے۔ ان کا اصرار تھا کہ مرنے والے باپ بیٹے عام شہری تھے اور اس واقعے کی وضاحت ملنے تک وہ لاشوں کو دفن نہیں کریں گے۔

اتحادی افواج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کوجلال آباد میں ایک ٹھکانے پر حملے میں دوطالبان عسکریت پسند مارے گئے ۔ بیان کے مطابق یہ افراد سڑک پر نصب کیے جانے والے بم بنانے میں ملوث تھے اور جب اتحادی فوجیوں نے وہاں چھاپہ مارا تو ان پر کئی اطراف سے فائرنگ کی گئی۔

دریں اثناء ایک اور بیان میں نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ قندھار کے ارغنداب ضلع میں اتحادی فوجیوں کی عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کھیتوں میں کام کرنے والا ایک افغان شہری ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ جاری ہونے والی اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ افغانستان میں اس سال کی پہلی ششماہی میں عام شہری ہلاکتوں میں گذشتہ سال کی نسبت 31اضافہ ہوا ہے۔

ادھر جنوبی صوبے زابل میں مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نے سرحدوں اور قبائلی امور کے ڈائریکٹر کے گھر پر حملہ کرکے انھیں بیوی سمیت ہلاک کردیا ہے۔

قندھار صوبے میں اتحادی افواج نے منگل کی شب طالبان کو اسلحہ فراہم کرنے والے ایک کمانڈر کی تلاش میں کیے جانے والے آپریشن میں دس شدت پسندوں کی ہلاکت کا بیان جاری کیا ہے۔ بیان کے مطابق پنجوال ضلع میں ایک ٹھکانے سے بھاگنے والے چھ شدت پسندفضائی حملے میں ہلاک ہوئے جب کہ چار کو زمینی لڑائی میں ہلاک کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG