رسائی کے لنکس

افغانستان میں نیوزی لینڈ کا پہلا فوجی ہلاک


نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے افغانستان میں جاری جنگ میں اپنے ملک کے پہلے فوجی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کا فوجی منگل کے روز صوبہ بامیان میں ہلاک ہوا۔

فوج کے سربراہ نے دارالحکومت ویلنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ تین گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ صوبہ بامیان میں گشت کر رہا تھا کہ شدت پسندوں نے چھوٹے ہتھیاروں، گرنیڈوں اور دیسی ساختہ بم سے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں دو مزید فوجی اور ان کا افغان مترجم زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم جان کی نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ فوجی کی ہلاکت اْس خطرے کو تقویت دیتی ہے جس کا سامنا فوجی ہر روز کرتے ہیں۔

تقریباً نو برس قبل امریکہ پر کیے گئے مہلک حملوں کے بعد اتحاد ی افواج نے افغانستان میں القاعدہ اور طالبان جنگجوؤں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ نے 2003ء میں اپنے فوجی دستوں کی تعیناتی کی تھی۔ اتحادی افواج کی ویب سائٹ پر شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق نیوزی لینڈ کے 155 اہلکار بامیان میں تعینات ہیں۔

XS
SM
MD
LG