رسائی کے لنکس

ہلمند میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف اتحادی افواج کا ”آپریشن مشترک“جاری


اس کارروائی کا مقصد مرجاہ شہر کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے جو اس وقت طالبان کے افیون کے دھندے کا اہم مرکز ہے۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی اور افغان افواج نے افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کے مضبوط گڑھ مرجاہ شہر پر حملہ کردیا ہے ۔ آپریشن مشترک کے نام سے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شروع ہونے والی یہ کارروائی 2001ء کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا آپریشن ہے جس میں 15 ہزار امریکی اور اتحادی فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

لڑائی کے ابتدائی مراحل میں صوبائی ترجمان کے مطابق پانچ طالبان جنگجوؤں کو ہلاک اور آٹھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد مرجاہ شہر کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے جو اس وقت طالبان کے افیون کے دھندے کا اہم مرکز ہے۔

ٓآپریشن مشترک کے آغاز سے قبل ایک کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل نک لاک (Nick Lock)نے بین الاقوامی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم ایسے علاقے میں داخل ہونے جارہے ہیں جو کافی عرصے سے طالبان کے قبضے میں ہے اور یہاں کی مقامی آبادی عسکریت پسندوں کے زیر اثر خوف زدہ زندگی گزار رہی ہے۔

یہ آپریشن ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب عالمی سطح پر افغانستان میں امن واستحکام کی کوششیں کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں حال ہی میں لندن کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں ان طالبان جنگجوؤں کو مصالحت کی پیش کش کے حوالے سے بھی غور کیا ہوا جو تشدد کی راہ ترک کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہوں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ بھی افغانستان میں سیاسی مفاہمت کے اس عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے جس کی قیادت خود افغان حکومت کررہی ہو۔ اس ہفتے اسلام آباد میں چین کے نائب سفیر نے بھی کہا تھا کہ ان کا ملک افغانستان میں حکومت کی طرف سے اس حکمت عملی کی حمایت کرے گا جو ملک میں قیام امن کی غرض سے تیار کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG