رسائی کے لنکس

جنوبی افغانستان میں پانچ پاکستانی ہلاک


جنوبی افغانستان میں پانچ پاکستانی ہلاک
جنوبی افغانستان میں پانچ پاکستانی ہلاک

نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے جمعرات کو جنوبی افغان صوبہ قندھار میں تعمیراتی کام کے ماہر پانچ پاکستانیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا ۔

مقامی حکام نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کا ایک گروپ قندھار شہر کو پانجوائی ضلع سے ملانے والی سڑک کی مرمت کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے اور صبح کے وقت جب وہ تعمیراتی مقام کی طرف جارہے تھے تو گھات لگائے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ حملے کانشانہ بننے والے ایک چھٹے پاکستانی کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا ۔ یہ سب افراد جاپان کی ایک کمپنی کے لیے کام کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ سلامتی کے خدشات کے باوجود ہزاروں پاکستانی ماہرین اور مزدور نسبتاََ بہتر اجرت ملنے پر افغانستان میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

عبدالباسط، وزارت خارجہ کے ترجمان
عبدالباسط، وزارت خارجہ کے ترجمان

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے جمعرات کو ایک ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور افغان حکام پر زور دیا ہے کہ اس میں ملوث افراد کو تلاش کر کے انھیں انصاف کے کٹہرےمیں لایا جائے۔

انھوں نے حملے میں مرنے والوں کی تعداد چار بتائی جن میں سے تین کا تعلق پنجاب اور ایک کا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تھا۔

ترجمان نے کہا کہ روز گار کے حصول کے لیے افغانستان جانے والے پاکستانی شہری تعمیر نو کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس لیے افغان حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کے وہ ان پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

ایک سوال کے جواب میں عبدالباسط نے ان قیاس آرایئوں پر تبصرہ کرنے سےگریز کیا کہ کابل میں ایک حالیہ حملے میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت اور اب قندھار میں پاکستانیوں کا قتل دراصل بھارت اور پاکستان کی ان مبینہ کوششوں کی ایک کڑی ہے جن کے ذریعےیہ دونوں ملک ایک دوسرے کو افغانستان میں اپنا اثرو رسوخ بڑھانے سے روکنا چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG