رسائی کے لنکس

افغان طیارے کے ملبے کی جگہ سے زندگی کے آثار نہیں ملے


افغان وزیر برائے شہری ہوابازی محمدالله باتش کے مطابق اس ہفتے کے اوائل میں کابل کے شمال میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے کا ملبہ تلاش کرنے والی ٹیمیں جمعہ کے روز حادثے کی جگہ پہنچ گئی ہیں مگر ابتدائی طور پر مسافرین اور عملے کے ارکان میں سے کسی کے زندہ بچ جانے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔

ایک روزقبل اتحادی افواج کے ایک ہوائی جہاز کی مدد سے پامیر ایئرویز کے اس طیارے کے ملبے کا سراغ لگایا گیا تھااور فضا سے لی گئی تصاویر میں طیارے کی دم اور باقی ملبہ کابل کے نزدیکی پہاڑی سلسلے پر بکھرا دیکھائی دے رہا تھا۔

افغان وزیر کا کہنا ہے کہ ملبے سے کچھ مسافروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔حادثے کا شکار ہونے والے اس طیارے پر تین برطانوی اور ایک امریکی شہری سمیت 43 افراد سوار تھے ۔

حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث تلاش کی کارروائی کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔

تا حال اس حادثے کی وجوہات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG