رسائی کے لنکس

افغانستان پر امریکی فوجی انخلاء کے اثرات


افغانستان پر امریکی فوجی انخلاء کے اثرات
افغانستان پر امریکی فوجی انخلاء کے اثرات

رواں ہفتے افغانستان سے 650 امریکی فوجی واپس امریکہ پہنچ رہے ہیں، امریکی فوجی حکام کے مطابق افغانستان کے صوبہ پروان میں تعنیات ان فوجیوں کی جگہ نئے فوجی تعینات نہیں کیے جائیں گے۔

صدر اوباما نے کے گزشتہ ما ہ کے اعلان کے مطابق اس سال کے آخر تک 10 ہزار اور ستمبر 2012ءتک مجموعی طور پر 33 ہزار امریکی فوجی واپس بلا لیے جائیں گے۔ جبکہ افغانستان سے حتمی انخلاء کے لئے امریکہ نے 2014ء کا ہدف مقرر کیا ہے ۔

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ افغان سیکیورٹی ادارے اور خاص طور پر پولیس اس قابل ہے کہ وہ افغانستان میں دہشت گردی، جرائم اور منشیات کے کاروبار جیسے چیلنجز سے نمٹ سکے۔

احمد ماجدیارواشنگٹن کے ایک تحقیقی ادارے امریکن اینٹر پرائز انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ افغان تجزیہ کار ہیں اور کافی وقت افغانستان اور پاکستان میں گزار چکے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ انخلاء کا فیصلہ جلد بازی میں اور زمینی حقائق کے برعکس کیا گیا ہے ۔ان کے مطابق اتنی تیزی سے اتنے بڑے پیمانے پر نیٹو اور امریکی فوجیوں کا انخلا ایک انتظامی غلطی ہوگی کیونکہ اس انخلا سے ان تمام کامیابیوں پر اثر پڑے گا جو افغان سلامتی کے حوالے سے پچھلے ایک سال میں حاصل کی گئ ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا افغانستان کے قومی سلامتی کے ادارے اپنی حفاظت خود سے کر سکتے ہیں۔احمدماجدیار کا کہناتھا کہ ۔ ا بھی افغان آرمی کی کوئی یونٹ خود سے کام نہیں کر رہی ، وہ امریکی فوج کی مدد کے مرہون منت ہیں ، یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

لیفٹنت جنرل جیمز ڈوبک عراق جنگ امریکی فوج کےکمانڈر رہ چکے ہیں وہ احمدماجد یار کی بات سے اتفاق ہی نہیں کرتے ہیں بلکہ ان کا کہنا ہے کہ عراق جنگ سے ایک چیز جو سمجھ میں آئی ہے کہ افواج کی کمی سے مقامی پولیس کی صلاحیت پر بھی اثر پڑے گا۔ ان کے مطابق تمام فوج کو واپس بلانے سے نہ صرف طالبان کے خلاف جنگ پر اثر پڑے گا بلکہ وہاں سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی بھی متاثر ہوگی۔

جان بکینن ایک سابقہ امریکی پولیس آفیسر ہیں اور اس وقت امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ترقی پذیر ملکوں میں قومی سلامتی کے امور پر تحقیق کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پولیس کو دی جانے والی انتہائی جامع تربیت کے بعد امید کی جا نی چاہئے ہے کہ آنے والے وقت میں حالات کی بہتری میں مقامی افغان پولیس کا کردار اہم ہوگا ۔

لیکن احمد ماجدیار کا کہنا ہے کہ ٹریننگ اور امداد کے باوجود افغان پولیس اور سیکیورٹی ادارے اپنی موجودہ حالت میں قومی سلامتی کی اس ذمہ داری کو مکمل طور پر اٹھانے کے لیے تیار نہیں اور اس صورتحال میں نیٹو اور امریکی افواج کے انخلا ءسے خطے میں موجود دوسری طاقتیں افغانستان میں نیٹواور امریکی افواج کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG