رسائی کے لنکس

افغانستان: نیٹو کنٹینرز پر طالبان کا حملہ


صوبائی گورنر کے ایک ترجمان احمد ضیا عبدالزئی کا کہنا ہے کہ تین میں سے دو حملہ آور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے جب کہ ایک نے نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پاکستان کی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے میں چار خودکش بمباروں نے نیٹو کو ایندھن فراہم کرنے والے کنٹینرز پر حملہ کیا جس سے کم از کم تین درجن سے زائد ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔

مشرقی افغان صوبے ننگرہار کی سرحدی پولیس کے ایک ترجمان ادریس مومند کے مطابق یہ حملہ جمعرات کی صبح طورخم سرحد کے قریب نیٹو کنٹینرز کے اڈے پر ہوا۔

ان کے بقول دھماکوں اور حملہ آوروں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ کے دوران نیٹو کو ایندھن فراہم کرنے والے 37 ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔

صوبائی گورنر کے ترجمان احمد ضیا عبدالزئی نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا جب کہ اُس کے دیگر تین ساتھیوں کو پولیس نے ہلاک کر دیا۔

افغان حکام کے مطابق اس واقعے میں حملہ آوروں کے علاوہ کوئی اور ہلاکت نہیں ہوئی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج رواں سال کے اختتام تک وہاں سے انخلا کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس دوران طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں بھی حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے۔

افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے لیے زمینی راستے سے سامان رسد کا زیادہ تر حصہ پاکستان کے شمال مغرب میں طور خم جب کہ کچھ حصہ جنوب مغرب میں چمن کے راستے بھیجا جاتا ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی نیٹو کے لیے سامان رسد لے جانے والے کنٹینرز پر ماضی میں حملے ہوتے رہے ہیں جن میں سے بعض میں ان گاڑیوں کے ڈرائیور اور ان کے معاونین بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG