رسائی کے لنکس

افغانستان: جنوب میں طالبان کے خلاف بڑے حملے کا منصوبہ



امریکی اور افغان کمانڈروں کا کہنا ہے کہ افغانستان کے جنوب میں اتحاد کے ہزاروں فوجی اُس علاقے میں کسی بڑی فوجی کارروائى کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جو ایک طویل عرصے سے طالبان کا ایک مضبوط ٹھکانا بنا ہوا ہے۔

کمانڈروں کا کہنا ہے کہ افغان فوج کے زیرِ قیادت اس مشترکہ کارروائى میں صوبہ ہلمند کے ضلعے مر جاہ کو ہدف بنایا جائے گا، جو طالبان کے قبضے میں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طالبان کی حالیہ برسوں کی پیش قدمیوں کو پسپائى میں تبدیل کرنے کے لیے جب سے امریکی صدر براک اوباما نے افغانستان کو مزید 30 ہزار امریکی فوجیوں کو بھیجنے کا حکم دیا ہے، یہ طالبان جنگجوؤں کے خلاف سب سے بڑا حملہ ہوگا۔ عہدے داروں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ حملہ کب شروع ہوگا۔

اسی دوران نیٹو کے عہدے داروں نے بدھ کے روز کہا ہے کہ جنوبی افغانستان میں سڑک کے کنارے بم کے ایک حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔

بدھ کے روز ہی افغان صدر حامد کرزئى طالبان کے ساتھ کوئى سلسلہ جنبانی قائم کرنے کے طریقوں پر غوروخوض کے لیے سعودی عرب میں شاہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG