رسائی کے لنکس

افغانستان: ممکنہ خود کُش حملہ آور کی تلاش



افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں پولیس اپنے ہیڈ کوارٹر پردو افراد کے ایک خود کُش حملے کو ناکام بنانے کے بعد اب اُن میں سے ایک حملہ آور کو تلاش کررہی ہے، جو موقعے سے فرار ہوگیا تھا۔

نیٹو نے کہا ہے کہ پیر کے روز قلات شہر میں جب دونوں خود کُش حملہ آور پولیس کے ہیڈ کوارٹر کی جانب بڑھ رہے تھے تو افغان پولیس اور بین الاقوامی فوج نے اُن پر گولی چلادی۔اُن میں سے ایک ،افغان پولیس کی فائرنگ کی زد میں آگیا اور اُس نے خود کو دھماکے سے اُڑا کر ایک پولیس افسر کو زخمی کردیا۔

دوسرا حملہ آور موقعے سے فرار ہوگیا اور پولیس اُسے تلاش کررہی ہے۔

اسی دوران بین الاقوامی فوجوں نے کہا ہے کہ پیر کے روز جنوبی افغانستان میں ایک امریکی فوجی بم کے ایک دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔ نیٹو نے کہا ہے کہ مغربی افغانستان میں بھی بم کے ایک حملے میں بین الاقوامی فوج کا ایک اور رکن ہلاک ہوگیا جبکہ ایک تیسرا غیر ملکی فوجی جنوبی افغانستان میں ایک جھڑپ میں ہلاک ہوا۔

پیر کے روز افغان فوج کے جنرل شیر محمد زازی نے کہا ہے کہ افغان فوج اور بین الاقوامی فوجوں نے جنوب کے صوبے ہلمند میں ایک کارروائی کے دوران سات طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔

XS
SM
MD
LG