رسائی کے لنکس

کابل فائرنگ، تین امریکی ہلاک


یہ واقعہ جمعرات کو دارالحکومت کابل کے مغرب میں ایک اسپتال میں پیش آیا، یہ اسپتال امریکہ میں قائم ایک امدادی گروپ کے زیر انتظام تھا۔

افغانستان میں ایک اسپتال کے محافظ کی فائرنگ سے تین غیر ملکی ہلاک اور کم از کم ایک شخص زخمی ہو گیا۔

کابل میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مرنے والے امریکی شہری تھے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو دارالحکومت کابل کے مغرب میں واقع "کیور ہاسپٹل" میں پیش آیا، یہ اسپتال امریکہ میں قائم ایک امدادی گروپ کے زیر انتظام تھا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان صادق صادقی کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والا محافظ پولیس کی حراست میں ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

"یہ ایک بدقسمت واقعہ ہے۔ حملہ آور پولیس کا سکیورٹی گارڈ تھا، اس نے یہاں آنے والےغیر ملکیوں پر فائرنگ کردی اور بدقسمتی سے ان میں سے تین افراد ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی۔"

فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے تاہم اس واقعے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کو حالیہ مہینوں میں تواتر سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کے انتخابات کی کوریج کے لیے ملک میں موجود خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی دو غیر ملکی خواتین صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے ایک ہلاک اور ایک زخمی ہو گئی تھیں۔

رواں سال مارچ میں کابل میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر سویڈن کے صحافی کو بھی ہلاک کیا جا چکا ہے جب کہ اس سے قبل جنوری میں دارالحکومت کابل میں ایک لبنانی ہوٹل شدت پسندوں کے حملے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG