رسائی کے لنکس

امریکیوں کو افغانستان کے سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت


فائل
فائل

محکمہٴ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے سفر سے دور رہنے کے لئے مسلسل انتباہ جاری کرنے کی وجہ ملک میں سکیورٹی کی انتہائی غیر مستحکم صورتحال ہے

امریکی محکمہٴخارجہ نے ایک بار پھر شہریوں کو افغانستان کے سفر کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ جمعرات کو جاری ہونے والے اس انتباہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری افغانستان کے غیر ضروری سفر سے باز رہیں۔

محکمہ ٴخارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے سفر سے باز رکھنے کے لئے مسلسل انتباہ جاری کرنے کی وجہ ملک میں سکیورٹی کی انتہائی غیر مستحکم صورتحال ہے۔

افغانستان میں امریکی شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خواہ افغانستان کی سیر کرنے گئے ہوں یا وہاں رہ رہے ہوں، انھیں معلوم ہونا چاہئے کہ دہشت گرد غیر ملکیوں کی رہائشگاہوں، ہوٹلوں، ان کے دفاتر، سفارتخانے اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

سفر سے متعلق ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ افغانستان میں جاری جنگ کی وجہ سے اس ملک کا ہر علاقہ غیر محفوظ ہے۔ طالبان، داعش اور دیگر انتہا پسند گروپ پورے ملک میں متحرک ہیں، جن سے افغان افواج کے ساتھ خونریز تصادم پورے ملک میں جاری ہے۔

انتباہ میں 28 ستمبر کو قندوز میں طالبان کے حملوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ لوگوں کو گھربار چھوڑ کر نکلنا پڑا تھا۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات پورے ملک میں دہرائے جانے کا خدشہ موجود ہے، جبکہ ہنگامہ اور شہری نظام کی معطلی پورے افغانستان میں کہیں بھی ممکن ہے۔

امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی ریلی، مظاہروں اور عوامی اجتماعات سے دور رہیں، جن میں ہنگامے کا خدشہ ہو۔

XS
SM
MD
LG