رسائی کے لنکس

افغانستان: اقوامِ متحدہ کے پانچ افغان کارکن لاپتا


افغانستان: اقوامِ متحدہ کے پانچ افغان کارکن لاپتا
افغانستان: اقوامِ متحدہ کے پانچ افغان کارکن لاپتا

اقوامِ متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے پانچ افغان ملازمین لاپتا ہوگئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے ترجمان ڈَین میک نارٹن نے جمعے کے روز یہ اعلان کیا، لیکن کوئى مزید تفصیل نہیں بتائى۔

تاہم اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ وہ پانچوں افراد افغانستان کے گڑبڑ والے شمالی صوبے بغلان میں تھے ، جہاں سے وہ غائب ہوگئے۔

اِسی صوبے میں جمعرات کے روز باغیوں نے جرمن فوج کے ایک گشتی دستے پر راکٹ سے حملہ کرکے چار جرمن فوجیوں کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کردیا تھا۔

اِسی دوران، افغانستان میں ایک صوبائى گورنر نے کہا ہے کہ قندھار شہر میں ایک ایسے احاطے میں ، جہاں غیر ملکی مقیم ہیں، بم کے ایک دھماکے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔اس سے پہلے چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی گئى تھی۔

صوبہ قندھار کے گورنر توریلائى وَیسا نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افغان باشندے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے 26 لوگوں میں سے10 غیر ملکی ہیں۔ان میں سے تین امریکی ہیں اور ایک جنوبی افریقہ کا شہری ہے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ اس حملے سے چند ہی گھنٹے پہلے شہر میں ایک ہوٹل کے قریب ایک اور کار بم کے دھماکے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکیوں کے احاطے پر دوسرے حملے میں زیادہ طاقتور بم استعمال کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG