رسائی کے لنکس

امریکہ میں افغان جنگ کی حمایت میں کمی: جائزہ رپورٹ


افغانستان میں ایک عشرے سے جاری جنگ اور اس سے جڑے تشدد کے واقعات کے تناظر میں امریکہ میں اس لڑائی کی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ انکشاف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز اور سی بی ایس نیوز کی تازہ جائزہ رپورٹ میں کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جائزے میں شامل دوتہائی سے زائد یا (69 فیصد) کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ جنگ نہیں لڑنی چاہیئے جب کہ چار ماہ قبل ایک سروے میں امریکہ میں افغان جنگ کے مخالفین کی شرح 53 فیصد تھی۔

افغان جنگ میں امریکہ کی شمولیت کی مخالفت اس وقت مزید واضح ہو گئی جب لوگوں سے یہ سوال پوچھا گیا کہ اس لڑائی میں ہونے والی پیش رفت کو وہ کیسے دیکھتے ہیں۔

68 فیصد کا کہنا ہے کہ لڑائی میں کارکردگی انتہائی خراب ہے لیکن گزشتہ سال نومبر میں کرائے گئے سروے میں 42 فیصد نے لڑائی میں ہونے والی پیش رفت پر اپنے عدم تحفظ کا اظہار کیا تھا۔

تازہ جائزے میں امریکہ بھر میں 986 بالغ افراد سے 21 سے 25 مارچ کے دوران ٹیلی فون پر سوالات پوچھے گئے۔

XS
SM
MD
LG