رسائی کے لنکس

افغانستان: بم دھماکے میں کم ازکم 11 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے ایک شمال مغربی صوبے میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے عورتوں اور بچوں سمیت کم ازکم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے۔

کابل میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بادغیس میں پیر کی شب ہونے والے اس حملے کا ہدف پولیس کی ایک گاڑی تھی۔

بم دھماکے کا شکار ہونے والوں میں دو پولیس اہلکاراورایک ہی خاندان کے نو افراد شامل ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہناہے کہ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب پولیس پارٹی نے ایک خاندان کے افراد کو جنہیں قصبے تک جانے کے لیے مدد کی ضرورت تھی، اپنی گاڑی روکی۔

ترجمان نے اس حملے کا الزام طالبان شدت پسندوں پر عائد کرتے ہوئے اسے’’اسلام کے منافی‘‘ کارروائی قرار دیا ہے۔

عیدالضحیٰ کے دوسرے روز پیش آنے والا یہ واقعہ افغانستان میں عید کے موقع پرکی جانے والی تشدد کی کوئی پہلی کارروائی نہیں ہے۔

اتوار کو جنوبی صوبے ہلمند میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے ضلعی پولیس سربراہ اپنے دو محافظوں سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔ اسی روزشمالی صوبہ بغلان میں ایک خودکش بم دھماکے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ افغان حکام کے خیال میں اس حملے کا ہدف ایک مقامی قبائلی رہنما تھا۔

XS
SM
MD
LG