افغان حکام نے کہا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں پیر کی صبح طالبان عسکریت پسندوں نے نجی سکیورٹی کمپنی کی ایک چوکی پر حملہ کرکے کم ازکم آٹھ محافظوں کو ہلاک کردیا۔
ضلع نہری سراج میں علی الصبح پیش آنے والے اس واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے اور حکام کے مطابق جھڑپ کے دوران ایک طالبان جنگجو بھی مارا گیا۔
دریں اثناء افغان پولیس نے کہا ہے کہ پیر کو ملک کے مغربی شہر ہرات میں سٹرک کے کنارے ہونے والے بم دھماکے میں تین شہری ہلاک جب کہ ایک پولیس اہلکارسمیت کم ازکم چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ دھماکا دیسی ساخت کے ایک بم سے پولیس چوکی کے قریب کیا گیا اورشہر کے جس علاقے میں یہ دھماکا ہواوہاں لوگوں کی خاصی بھیڑ تھی۔
ملک کا مغربی صوبہ ہرات جنوبی علاقوں کی نسبت پرامن تصور کیا جاتارہا ہے تاہم اب شدت پسندوں کی کارروائیوں کا دائر ہ کار افغانستان کے مغربی اور شمالی علاقوں تک بھی پھیل گیا ہے۔
ادھر نیٹو کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں واقع ایک جیل میں قیدی کوٹھڑی میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ اتحادی افواج کے مطابق اس شخص کو ہفتے کے روز قندھار میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ قیدی کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔