رسائی کے لنکس

افغانستان: ایک امریکی فوجی ہلاک


حکام نے بتایا ہے کہ افغان قومی فوج کا یونیفارم پہنے ایک شخص نےایک امریکی فوجی کو ہلاک کردیا ہے۔بدھ کے روز جنوبی افغانستان میں پیش آنے والا یہ واقعہ بین الاقوامی فوجوں پرافغان ساتھیوں کی طرف سے کیے جانے والے حملوں کی ایک تازہ کڑی ہے ۔

نیٹو نے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ تاہم ، نیٹو کا کہنا ہے کہ گولی چلانے والا شخص اُس وقت ہلاک ہوا جب اتحادی افواج نے جواباً فائر کھولا۔

افغان اور اتحادی افواج پر مشتمل ایک مشترکہ دستہ ا ِس واقع کی تفتیش کر رہا ہے۔

بعد ازاں، امریکی دفاع سے متعلق عہدے داروں نے، جنھوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی، کہا ہے کہ ہلاک ہونے والا فوجی امریکی تھا۔

امریکی محکمہٴ دفاع کے مطابق مئی 2007ء سے لے کر اب تک افغان سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں نیٹو کے کم از کم 80فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہےکہ اِن درون ِخانہ حملوں کی مبینہ وجوہات شخصی نوعیت کی بتائی جاتی ہیں۔

جمعرات کے روز بھی افغان حکام نے بتایا کہ تین خواتین اُس وقت ہلاک ہوئیں جب صوبہٴ وردگ میں نیٹو افواج اور باغیوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے دوران توب خانے کا فائر ایک گھر کو جا لگا۔

چک ضلعے میں کم از کم چار دیگر خواتین زخمی ہوگئیں۔

اہل کاروں کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ملک کے شمال مشرق میں طالبان باغیوں نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم چار پولیس افسران ہلاک ہوئے، جب کہ 16کو پکڑ لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG