رسائی کے لنکس

افغانستان: نیٹو اڈے کے باہر خودکش کار بم دھماکا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی اڈے کے بیرونی دروازے کے قریب دھماکے سے اڑائی جس سے عمارتوں کی کھڑکیاں اور شیشے ٹوٹ گئے۔

مشرقی افغانستان میں نیٹو اور افغان فوج کے ایک اڈے کے قریب جمعرات کو ہونے والے خودکش کار بم دھماکے میں کم ازکم 11 افغان فوجیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

افغان صوبے پکتیا کے ضلع زرمت میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں صوبائی حکام نے بتایا کہ دھماکا انتہائی زوردار تھا لیکن اس میں کوئی ہلاک نہیں ہوا کیوں کہ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی اڈے کے بیرونی دروازے کے قریب دھماکے سے اڑائی۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں اور شیشے ٹوٹ گئے۔ بعض اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے دھماکے کے بعد فوجی اڈے پر فائرنگ بھی کی۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

شدت پسندوں کی طرف سے حالیہ مہینو ں میں افغان اور غیر ملکی فوجیوں اور تنصیبات پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

افغانستان میں اتحادی افواج مختلف علاقوں میں سلامتی کی ذمہ داریاں مقامی سکیورٹی فورسز کے سپرد کر چکی ہیں اور مزید کی حوالگی ابھی جاری ہے۔

امریکہ نے 2014ء کے اختتام تک افغانستان سے اپنی تمام لڑاکا افواج کے انخلاء کا اعلان کر رکھا ہے۔
XS
SM
MD
LG