رسائی کے لنکس

افغانستان: امریکی اڈے پر کام کرنے والے آٹھ مزدور ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ واقعہ صوبہ لوگر میں پیش آیا، جہاں مزدور جمعرات کی صبح معمول کے مطابق کام کے لیے امریکی اڈے پر جا رہے تھے۔

افغانستان میں عہدیداروں نے بتایا کہ ملک کے مشرق میں ایک امریکی اڈے پر کام کے لیے جانے والے آٹھ مزدوروں کو نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

یہ واقعہ صوبہ لوگر میں پیش آیا، جہاں مزدور جمعرات کی صبح معمول کے مطابق کام کے لیے امریکی اڈے پر جا رہے تھے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ مزدوروں پر یہ حملہ طلوع آفتاب کے کچھ دیر بعد کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ امریکی اڈے کے مستقل ملازمین نہیں تھے تاہم وہ دن کے وقت وہاں کام کرتے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان افغان ہی تھے اور حملہ آوروں نے اُن کے ڈرائیور کو چھوڑ دیا تھا۔

اس حملے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم حال ہی میں طالبان حکومت اور بین الاقوامی افواج کے ساتھ کام کرنے والے درجنوں افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG