رسائی کے لنکس

کابل: خود کش حملہ آٹھ سکیورٹی اہلکار ہلاک


وزارت دفاع کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کو فضائیہ کی بس میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو ایک خود کش بم دھماکے میں آٹھ سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

خودکش حملہ آور نے ’ائیر فورس‘ کی بس کو نشانہ بنایا۔

کابل یورنیورسٹی کے قریب سخت حفاظتی حصار والے علاقے میں یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا جب طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں میں تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

کابل پولیس کے سربراہ کے ترجمان حشمت استنکزئی کے مطابق ہلاک ہونے والے فضائیہ کے اہلکار تھے۔

وزارت دفاع کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کو بس میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا اور ان کے بقول اگر وہ بس پر سوار ہونے میں کامیاب ہو جاتا تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہونا تھا۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہدف فضائیہ کی بس تھی۔

رواں سال کے اواخر تک غیر ملکی افواج افغانستان سے اپنے وطن واپس چلی جائیں گی اور طالبان کی بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں کے تناظر میں مقامی سکیورٹی فورسز کی استعداد کار پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

تشدد کا یہ تازہ ترین واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ملک میں پہلی مرتبہ جمہوری انداز میں اقتدار منتقل کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔ صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے ایک امیدوار عبداللہ عبداللہ نے پولنگ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہہ رکھا ہے کہ وہ انتخابی نتائج کا بائیکاٹ کریں گے۔

عبداللہ عبداللہ کو پانچ اپریل کو ہونے والے انتخابات میں دیگر امیدواروں کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل ہوئے تھے لیکن وہ کامیابی کے لیے درکار 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے تھے۔

اسی بنا پر انتخابات کا دوسرا مرحلہ 14 جون کو ہوا تھا جس کے ابتدائی نتائج بدھ کو جاری ہونا تھے لیکن اس بارے میں فی الوقت ابہام پایا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG