رسائی کے لنکس

قندھار میں بم دھماکے دو افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی افغانستان میں پولیس نے کہا ہے قندھار شہر میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں دو عام شہری ہلاک ہوگئے۔

پیر کی صبح ایک منٹ کے وقفے سے یہ دونوں دھماکے اُس وقت ہوئے جب قریب سے پولیس کی موٹر گاڑیوں کا ایک قافلہ گزر رہا تھا۔ ایک تیسرے دھماکے سے کوئى نقصان نہیں ہوا۔

قندھار میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئى صورتِ حال کی وجہ سے اقوامِ متحدہ نے اپنے کچھ غیر ملکی ملازمین کو عارضی طور پر کابل منتقل کردیا ہے ۔ اقوامِ متحدہ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اُس نے قندھار میں اپنے 200 سے زیادہ افغان ملازمین سے بھی کہا ہے کہ وہ فی الحال گھروں میں رہیں۔

قندھار جنوبی افغانستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور طالبان تحریک اسی شہر میں شروع ہوئى تھی۔افغانستان میں امریکی فوجوں نے اسی سال موسمِ گرما میں اِس علاقے کو طالبان سے پاک کردینے کا منصوبہ بنایا ہے۔

اور شمالی افغابستان میں نیٹو نےکہا ہے کہ پیر کے روز ایک فضائى حملے میں طالبان کا ایک سینئر کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ وہ صوبہ قندوز کے لیے طالبان کا نامزد گورنر بھی تھا۔ حملے میں ملّا یار محمد عرف نور محمد کے دو مُشیر بھی مارے گئے۔

ان باغیوں کوفضا سے نشانے پر لےکر اُس وقت ہلاک کردیا گیا جب وہ قُندوزشہر کے شمال مغرب میں موٹر گاڑی میں ایک ریگستان سے گزر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG