رسائی کے لنکس

نیپال: تازہ زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ


امدادی کارروائی میں مصروف ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر منگل کو لاپتا ہو گیا تھا جس کی تلاش کے لیے سرگرمیاں بدھ کو بھی جاری ہیں۔

نیپال میں منگل کو آنے والے طاقتور زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے جب کہ دو ہزار کے لگ بھگ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ملک ابھی 25 اپریل کے 7.8 شدت کے زلزلے کی ہولناکیوں سے پوری طرح نمٹ نہیں سکا تھا کہ 7.3 شدت کے ایک اور زلزلے نے تباہی مچا دی۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق بدھ کی صبح تک تقریباً 20 بعد از زلزلہ جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔

پہلے سے جاری امداد و بحالی کی سرگرمیوں کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے جس میں امریکہ سمیت متعدد ملک حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے امدادی ٹیمیں دور افتادہ متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہیں ہلاکتوں، زخمیوں اور دیگر نقصانات کی اطلاعات موصول ہوتی جا رہی ہیں۔

اس زلزلے کے جھٹکے بھارت اور تبت میں بھی محسوس کیے گئے۔ شمالی بھارتی ریاست بہار میں چار جب کہ چین کے علاقے تبت میں ایک شخص کی زلزلے سے ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف تنظیم سیوو دی چلڈرن کے عہدیدار سودرشن شریستھا نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ منگل کو آنے والے زلزلے سے پہلے ہی امدادی کاموں کا دائرہ بڑھایا جا چکا تھا اور ان کے بقول آنے والے دونوں میں مون سون کا موسم ان کاموں میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

نیپال میں مون سون کا موسم جون میں شروع ہو جاتا ہے جس سے مٹی و برف کے تودے گرنے کے علاوہ سیلاب کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اپریل میں آنے والے زلزلے کی تباہ کاری سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر ساڑھے 41 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے جس میں سے اب تک صرف دو کروڑ بیس لاکھ ہو موصول ہوئے ہیں۔

دریں اثناء نیپال میں امدادی کارروائی میں مصروف ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر منگل کو لاپتا ہو گیا تھا جس کی تلاش کے لیے سرگرمیاں بدھ کو بھی جاری ہیں۔

یو ایس پیسیفک کمانڈ کے ایک ترجمان کے مطابق میرین کور کا یہ ہیلی کاپٹر چاریکوٹ نامی گاؤں کے قریب لاپتا ہوا۔ یہ گاؤں منگل کو آنے والے زلزلے سے شدید متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے۔

لاپتا ہیلی کاپٹر کی تلاش میں دو ہیلی کاپٹر اور متعدد کارکنان حصہ لے رہے ہیں۔

محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ لاپتا ہیلی کاپٹر پر آٹھ افراد سوار تھے جن میں چھ امریکی میرین اور دو نیپالی شہری شامل ہیں۔ ان کے بقول تاحال ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ یہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

نیپال میں 25 اپریل کو آنے والے زلزلے سے آٹھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ متاثرین کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

XS
SM
MD
LG