رسائی کے لنکس

اعجاز بطور پروڈیوسر اپنے نئے رول میں کتنا کامیاب رہتے ہیں، اس کا اندازہ آپ خود یہ ڈرامہ دیکھ کر لگا سکتے ہیں۔ فی الحال ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ ’دل عشق‘ میں ان کی ہیروئن نیلم منیر ہیں اور ’بختاور‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ بختاور اور اعجاز ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں

پاکستانی ڈراموں کی دنیا پڑوسی ملک کی فلمی دنیا سے کچھ کم نہیں۔ وہاں نت نئی فلمیں بنتی ہیں تو یہاں نئے سے نئے ڈرامے۔ آج ہم آپ کو اسی دنیا سے جڑی کچھ دلچسپ سرگرمیوں کا احوال بتاتے ہیں۔

اعجاز اسلم بن گئے پروڈیوسر
ٹی وی کے ورسٹائل ایکٹر اعجاز اسلم نے اداکاری کا میدان مارنے کے بعد اب رخ کر لیا ہے پروڈکشن کا۔ اعجاز اسلم جیو ٹی وی کی نئی ڈرامہ سیریل’ دل عشق‘ میں نہ صرف منصور کا اہم کردار نبھا رہے ہیں، بلکہ ڈرامے کے پروڈیوسر بھی ہیں۔ اعجاز اسلم کی ساتھی فنکاروں میں نیلم منیر اور عائشہ خان شامل ہیں۔ ڈرامے کا وارڈروب بھی اعجاز اسلم کا ہی تخلیق کردہ ہے۔

اعجاز بطور پروڈیوسر اپنے نئے رول میں کتنا کامیاب رہتے ہیں، اس کا اندازا آپ خود یہ ڈرامہ دیکھ کر لگا سکتے ہیں فی الحال ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ ’دل عشق‘ میں ان کی ہیروئن نیلم منیر ہیں اور ’بختاور‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ بختاور اور اعجاز ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

ڈرامے میں اہم کردار اداکرنے کے باوجود نیلم منیر ڈرامے کی پروموشن میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ پبلسٹی فرم فی جینسی کی نگہت عزیز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ نیلم منیر کو پروڈیوسرز سے شکوہ ہے کہ انہوں نے ٹائٹل سے لے کر تشہیری مہم تک ہرجگہ عائشہ خان کو نمایاں کیا اور اہمیت دی۔

رباب ہاشم محبت کی تکون کا اہم حصہ
نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) کی سب سے کم عمر گریجویٹ رباب ہاشم نے بہت کم عرصے میں اپنی عمدہ اداکاری سے سب کو متاثر کر دیا ہے۔جولائی کے آخر میں آن ائیر ہونے والی نئی سیریل ’عشق وے‘ میں محبت کی تکون پر مبنی کہانی میں رباب اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں محبت، حسد، رشتوں اور مختلف جذبوں کی عکاسی خوبصورت انداز میں کی گئی ہے۔

رباب نے ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھایا ہے جو اپنی دوست کے منگیترسے محبت میں مبتلا ہو کر دوست سے دشمن بن جاتی ہے۔ رباب اس سے قبل جیو ٹی وی کی ہٹ سیریلز ’عنایہ تمہاری ہوئی‘ اور ’پیا من بھائے‘ میں اپنے فن کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

سونیا مشال اداکارہ بن گئیں
سونیا مشال کو لوگوں نے پاکستان فیشن ویک میں ریمپ پر واک کرتے تو دیکھا ہی ہے۔ لیکن، اب سونیا اداکاری بھی کریں گی ۔جیو ٹی وی کے نئے ڈرامے ’عشق وے‘ میں۔

سونیا مشال سیریل میں امل کے روپ میں دکھائی دیں گی، جبکہ ان کے ساتھ رباب ہاشم (سفینہ) اور سمیع خان (ہائم) کا رول ادا کر رہے ہیں۔ سونیا مشال فیشن ورلڈ کے بعد اب شوبز میں بھی کچھ کر دکھانے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

XS
SM
MD
LG