رسائی کے لنکس

ائیر انڈیا : مہلک حادثے کے چند ہی روز بعد ہڑتال


بھارت کی سرکاری ائیر لائن ائیر انڈیا نے منگل کے روز چالیس سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ملازمین نے کمپنی کی اس پالیسی کے خلاف ہڑتال کر دی ہے کہ انہیں میڈیا سے شکایت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ہفتے کے روز ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 158 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد ائیر انڈیا نے ملازمین سے کہا تھا کہ ایسے معاملات پر کھلم کھلا بات نہ کریں جس سے کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔

خبروں میں ان کی یونین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہڑتال، پابندیوں کی وجہ سے کی گئی، اس زبان بندی پر انہوں نے شدید نکتہ چینی کی ہے۔

ملازمین، اس حادثے سے بہت پہلے سے انتظامیہ سے نالاں ہیں کیونکہ ان کو وقت پر تنخواہیں نہیں مل رہی تھیں۔

ائیر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ہڑتال زمین پر کام کرنے والے ملازمین کی جانب سے ہے، پروازوں پر کام کرنے والوں کی طرف سے نہیں۔ کمپنی نے ملازمین پر زور دیا ہے وہ ہڑتال ختم کردیں اور ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کریں تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ ائیر انڈیا کے لوگ بڑی سے بڑی ہنگامی صورت سے نمٹ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG