رسائی کے لنکس

النصرہ فرنٹ کا امریکی تربیت یافتہ شامی باغیوں کو پکڑنے کا دعویٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میرین کور کے بریگیڈیئر جنرل کیون کیلیا کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی اشارہ یا معلومات نہیں ملیں کہ "ہمارے تربیت یافتہ لوگوں کو پکڑا گیا ہو۔"

شام میں القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے تربیت یافتہ متعدد شامی باغیوں کو یرغمال بنا لیا ہے، تاہم پینٹاگون نے اس کی تردید کی ہے۔

انٹرنیٹ پر عسکریت پسندوں نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ امریکہ نے "ایسے لوگوں، جنہیں وہ اعتدال پسند حزب مخالف قرار دیتا ہے، کو ان تربیتی پروگراموں میں شریک کیا جو سی آئی اے چلا رہی ہے۔"

شدت پسند گروپ نے دیگر لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ "امریکی منصوبے" میں شرکت سے باز رہیں۔

امریکہ نے داعش سے لڑنے کے لیے رواں سال مئی سے اب تک تقریباً 60 لوگوں کو تربیت فراہم کی ہے اور واشنگٹن کے مطابق یہ ایسے شامی باغی ہیں جن کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔

پینٹاگون نے اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکہ کے تربیت یافتہ جنگجوؤں کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایک نیوز بریفنگ میں میرین کور کے بریگیڈیئر جنرل کیون کیلیا کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی اشارہ یا معلومات نہیں ملیں کہ "ہمارے تربیت یافتہ لوگوں کو پکڑا گیا ہو۔"

رواں ہفتے کے اوائل میں "ڈویژن 30" کہلانے والے باغیوں کے ایک دھڑے نے الزام عائد کیا تھا کہ النصرہ فرنٹ کے جنگجوؤں نے ان کے رہنما اور دیگر ارکان کو پکڑا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس طرح کی خبریں دیکھی ہیں لیکن وہ یہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ یرغمال بنائے گئے باغی وہی ہیں جنہیں امریکہ نے تربیت دی۔

XS
SM
MD
LG