رسائی کے لنکس

اسکاٹ لینڈ: فرسٹ منسٹر ایلکس سلمنڈ مستعفی


آزادی کی مہم کے قائد ایلکس سلمنڈ نے کہا کہ وہ لوگوں کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور اسکاٹ لینڈ کے عوام سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی اس جمہوری فیصلے کو تسلیم کریں

اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے آزادی کے ریفرنڈم میں ناکامی کےبعد ایلکس سلمنڈ اپنی پارٹی کی قیادت اور اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹرکےعہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کو اسکاٹ لینڈ کی آزادی یا برطانیہ کے ساتھ رہنے کے سوال پر ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کےمطابق 55 فی صد اسکاٹش عوام نے برطانیہ کے ساتھ صدیوں پرانا اتحاد قائم رکھنے کے حق میں اپنا ووٹ ڈال کر تاج برطانیہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

ریفرنڈم میں آزادی کے حامیوں کے ووٹوں کی تعداد 45 فی صد رہی۔ ریفرنڈم میں ووٹروں کی ریکارڈ تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اورمجموعی طور پر ٹرن آؤٹ 84.54 فی صد رہا۔

نتائج کے اعلان کے بعد اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر اورآزادی کی مہم کے قائد ایلکس سلمنڈ نے کہا کہ وہ لوگوں کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور اسکاٹ لینڈ کےعوام سےکہیں گے کہ وہ بھی اس جمہوری فیصلے کو تسلیم کریں۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حق میں نہیں ہیں ۔

ایلکس سلمنڈ نے کہا انھیں آزاد اسکاٹ لینڈ کی مہم پر فخر ہے اور ریفرنڈم میں شکست کے بعد وہ سمجھتے ہیں کہ اب پارٹی اور پارلیمنٹ کو نئے قائد کی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسکاٹ لینڈ کے سیاسی رہنما کی حیثیت سے ان کا وقت اب ختم ہونے کو ہے لیکن "خواب کبھی نہیں مرتے ہیں۔"

دوسری جانب گلاسگو میں جارج اسکوائر پر آزادی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان تکرار اور جھڑپوں کی خبریں ملی ہیں جہاں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو کشیدہ صورتحال کو کنٹرول کر رہی ہے۔

اسکاٹ لینڈ کی کل 32 کونسلوں کے نتائج کے مطابق لگ بھگ 20 لاکھ ووٹ 'بیٹر ٹوگیدر' کے خواہش مندوں کی طرف سے ڈالے گئے جب کہ ان کے مقابلے پر آزادی کے حامیوں کے ووٹوں کی تعداد 16 لاکھ سے کچھ زائد رہی۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایلکس سلمنڈ کی پارٹی کے قائد اور فرسٹ منسٹر کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی پر تعریف کی ہے۔

ریفرنڈم کے نتائج کے اعلان کے فوراً بعد جمعے کی صبح 10 ڈاوننگ اسٹریٹ کے باہر وزیر اعظم نےایک اہم خطاب کیا جس میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے اسکاٹش عوام کی آواز سنی اور اب برطانیہ کے لاکھوں لوگوں کی آواز کو سنا جانا بھی ضروری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سابق وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ اسکاٹ لینڈ کو زیادہ خودمختاری دینے کا تفصیلی منصوبہ جنوری تک تیار کر لیں گے۔

XS
SM
MD
LG