رسائی کے لنکس

علی ظفر نئی فلم ’کل دل‘ کی پروموشن میں مصروف


علی ظفر کی نئی فلم ’کل دل‘ کے ریلیز سے پہلے ہی ہر جگہ چرچے شروع ہوگئے ہیں۔ امیتابھ بچن بھی اس کی کامیابی کے خواہشمند ہیں۔ اپنے کوئزشو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں علی ظفر سے ایک تحفہ پا کر وہ جذباتی ہوگئے، اور۔۔۔

پاکستانی سنگر اور ایکٹر علی ظفر کی آنے والی فلم ’کل دل‘ کے ریلیز سے پہلے ہی میڈیا میں چرچے ہیں، کیونکہ علی ظفر سمیت فلم کی پوری کاسٹ آج کل زور و شور سے فلم کی پروموشن میں مصروف ہے۔

’کل دل‘ کی کاسٹ میں شامل پرینیتی چوپڑا، رنویرسنگھ اورگوندا جیسے اسٹارز کے ساتھ جب علی ظفر نے امیتابھ بچن کے گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شرکت کی تو وہاں موجود آڈینس میں سے ہر کوئی علی سے ہاتھ ملانے اور تصویر بنوانے کے لئے بے چین تھا۔

پاکستان میں فلم ’کل دل‘ کی پروموشن کے حقوق رکھنے والی فرم کی عہدیدار عمارہ حکمت نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’علی ظفر نے کوئز شو کے بی سی‘ کی آڈینس اورامیتابھ بچن کی طرف سے ملنے والی گرمجوشی اور محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امیتابھ سے ملاقات کو نہ صرف یادگار قرار دیا، بلکہ فلم کی کاسٹ اور امیتابھ کے ساتھ ’کل دل‘ کے گانے پرڈانس بھی کیا۔‘

اس موقع پر علی کا کہنا تھا کہ، ’وہ بگ بی کے بہت بڑے فین ہیں اور ان کی فلمیں دیکھ کر اور گانے سن کر جوان ہوئے ہیں۔۔‘

علی ظفرنے دیا بگ بی کو یادگار تحفہ
علی ظفر نے امیتابھ کو اپنے ہاتھ سے بنایا ہوا ایک اسکیچ بھی پیش کیا۔ یہ اسکیچ علی نے 12 سال کی عمر میں بنایا تھا۔ امیتابھ ۔۔علی ظفر سے یہ تحفہ وصول کرکے جذباتی ہوگئے اور علی کو گلے سے لگا کران کا شکریہ ادا کیا۔

آئٹم سانگ ’نخریلے‘ریلیز ہوگیا
علی ظفر کی دیگر فلموں کی طرح ’کل دل‘ کا میوزک بھی زندگی اور موج مستی سے بھرپور ہے۔ فلم کا گانا ’نخریلے‘ لانچ کر دیا گیا ہے جو فلم سے وابستہ افراد کے مطابق خاص طور پر علی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ انرجی سے بھرپور ’نخریلے‘ کی شوٹنگ میں دو ہفتے لگے۔ اسے گایا ہے خود علی ظفر نے جبکہ ان کا ساتھ دیا شنکر مہادیون اور مہالکشمی ائیر نے۔

یش راج فلمز کی پروڈیوز کردہ فلم ’کل دل‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے شاد علی نے اور میوزک کمپوز کیا ہے شنکر احسان لائے نے، جبکہ گانے لکھے ہیں گلزار نے۔ فلم 14 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG