رسائی کے لنکس

’تیرے بن لادن تھری‘ کے بارے میں علی ظفر، پروڈکشن ہاوٴس ’واک واٹرز‘ اور ڈائریکٹر ابھیشیک شرما سمیت تمام لوگ ’ایکسائیڈڈ ‘ ہیں۔


بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی اداکار علی ظفر کونئی فلم ” تیرے بن لادن تھری “ مل گئی ہے جو دراصل ”تیرے بن لادن “ کا سیکوئل ہے ۔ سیکوئل تھری میں علی ظفر اگرچہ مختصر رول میں نظر آئیں گے لیکن یہ ایسا رول ہے جو سب پر چھا جائے گا۔

علی ظفر ’ون پلس ٹو مین ‘ہیں ۔ یعنی شخصیت ایک اور فن دو۔ سنگر بھی اور اداکار بھی۔ انہوں نے بطور سنگر ”چھنو کی آنکھ میں ایک نشہ ہے“ سے مقبولیت کے سفر کی شروعات کی اور اداکاری کے میدان میں شہرت تک پہنچے سن 2010 میں بننے والی سپر ہٹ فلم ’تیرے بن لادن ‘سے۔

’تیرے بن لادن‘میں علی ظفر نے کامک رول اتنی بے ساختگی سے ادا کیا کہ بالی وڈ کے دروازے ان پر کھلتے چلے گئے ۔ پھر کیا تھا بڑے بڑے بینرز کے تحت بننے والی فلموں کی قطار لگ گئی جن میں سے انہوں نے انتخاب کیا یش راج فلمز کی”میرے برادر کی دلہن‘‘کا۔

علی نے ”میر ے برادر کی دلہن “ میں کترینہ کیف اور عمران خان کے ساتھ مل کر جم کے ایکٹنگ کی اور ثابت کیا کہ وہ فلم نگری میں لمبی اننگز کھیلنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

’تیرے بن لادن تھری‘ کے بارے میں علی ظفر، پروڈکشن ہاوٴس ’واک واٹرز‘ اور ڈائریکٹر ابھیشیک شرما سمیت تمام لوگ ’ایکسائیڈڈ ‘ ہیں ۔ بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم کے مطابق علی ظفر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ تیرے” بن لادن تھری “ کا حصہ ہیں اور سیکوئل میں کئی چیزیں ان کے لئے بہت دلچسپ ہیں۔

ان کا کہنا ہے ”’ابھیشک شرما اور پروڈیوسرمیرے کیرئیر کے آغاز سے ہی مجھ پر بہت مہربان اور تعاون کرنے والے رہے ہیں۔ جب ابھیشک نے مجھے سیکوئل کا اسکرپٹ ، خاص کر اس نئی کہانی کا کچھ حصہ مجھے بہت اچھا لگا ۔ یہ کچھ مختلف بھی ہے۔ انہوں نے میرے لئے خصوصی طور پر ایک کردار لکھا ہے جس کے بارے میں بہت پرجوش ہوں۔ اس سے زیادہ میں کچھ نہیں بتا وٴں گا۔ جب فلم ریلیز ہوگی اور تو لوگوں کو خود ہی پتا لگ جائے گا اور یقینا ان کو اچھا بھی لگے گا۔“

پروڈیوسر پوجا شیٹھی نے سیکوئل کے بارے میں کہا ” تیرے بن لادن “کی پوری ٹیم ایک ساتھ ہے اور علی ظفر اس کا لازمی حصہ ہیں۔ علی فلم کے سیکوئل سے جڑی چھوٹی سے چھوٹی بات کے بارے میں بھی جانتے ہیں۔“

”تیرے بن لادن تھری “کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہو گی۔
XS
SM
MD
LG