رسائی کے لنکس

’ویلنٹائن ڈے اسپیشل‘: علی ظفر کا نیا رومانوی گانا ریلیز


’میرا پچھلا البم ’جھوم‘ تین سال پہلے ویلنٹائن ڈے پر ہی ریلیز ہوا تھا اور اب ’ٹوٹل سیاپا‘ کا البم بھی ویلنٹائن ڈے پر ریلیز ہوا ہے، جو خوشی کی بات ہے‘

چاکلیٹی ہیرو اور نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار، علی ظفر نے اپنے پرستاروں کو ویلنٹائن ڈے پر نئے رومینٹک گانے ’پلٹ میری جان‘ کا تحفہ دے کر اس دن کو یادگار بنا دیا۔

’پلٹ میری جان‘ ان کی جلد آنے والی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ میں شامل ہے جسے علی نے خود ہی ڈائریکٹ اور کمپوز کیا ہے۔

علی ظفر نے البم کے بارے میں ’وی او اے‘ کو بتایا کہ انہوں نے اس البم کی تیاری پر بہت محنت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے ’میرا پچھلا البم ’جھوم‘ تین سال پہلے ویلنٹائن ڈے پر ہی ریلیز ہوا تھا۔ اور اب ’ٹوٹل سیاپا‘ کا البم بھی ویلنٹائن ڈے پر ریلیز ہوا ہے، جو خوشی کی بات ہے۔‘

’ٹوٹل سیاپا‘ ایک لو اسٹوری ہے جس کی کہانی پاکستانی راک اسٹار اور لندن میں رہنے والی ایک پنجابی لڑکی آشا کے گرد گھومتی ہے۔ محبت کرنے والے یہ دو دل اپنی محبت پانے کے لئے کس طرح رکاوٹوں کو عبور کرتے ہیں۔۔۔فلم انہی اتار چڑھاوٴ پر مبنی ہے۔

پبلسٹی فرم ’انسائیکلو میڈیا‘ نے بتایا کہ ’فلم میں پاکستا ن اور بھارت کے درمیان موجود فاصلوں اور دونوں ملکوں میں رہنے والے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہیرو۔ ہیروئن کی مذہب اور ملک کے خلاف جا کر اپنی محبت حاصل کرنے کی کشمکش کو بھی اچھے طریقے سے اجاگر کیا گیا ہے۔‘

فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں یامی گوتم، کرن کھیر اور انوپم کھیر۔

’ٹوٹل سیاپا‘ 7مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG