رسائی کے لنکس

علی ظفر اور شاہ رخ خان نئی فلم میں ایک ساتھ


’انگلش ونگلش‘ جیسی سپرہٹ فلم کی ڈائریکٹر گوری شیندے کی فلم ’واک اینڈ ٹاک‘ کی اسٹار کاسٹ میں عالیہ بھٹ، ادیتیہ کپور اورکنال کپوربھی شامل ہیں

گلوکاری اور اداکاری کی دنیا کے ’چاکلیٹی بوائے‘، علی ظفرکا تعلق بھلے پاکستان سے ہو، لیکن بالی وڈ میں بھی وہ ہاتھوں ہاتھ لئے جاتے ہیں۔

اور اب علی ظفر اور بالی وڈ فلموں کے فینز دل تھام کے بیٹھیں، کیونکہ سرپرائز خوشگوار بھی ہے اور بڑا بھی۔

راک اسٹار علی ظفر اپنی بالی وڈ فلم ’واک اینڈ ٹاک‘ میں کسی اور کے نہیں بلکہ کنگ خان، شاہ رخ کے ساتھ سلور اسکرین شیئر کریں گے۔

’انگلش ونگلش‘ جیسی سپرہٹ فلم کی ڈائریکٹر، گوری شیندے کی فلم ’واک اینڈ ٹاک‘ کی اسٹار کاسٹ میں عالیہ بھٹ، ادیتیہ کپور اور کنال کپور بھی شامل ہیں۔

فلم میں پاکستان میں پبلسٹی کی ذمے دار فرم، ’انسائیکلو میڈیا‘ کی عہدیدار عمارہ حکمت نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’واک اینڈ ٹاک‘ ایک فلم میکر یعنی عالیہ بھٹ کے سفر کی کہانی ہے جس میں وہ اپنی شارٹ فلم کے موضوع کی تلاش میں نئے نئے لوگوں سے ملتی ہے۔

اسی سفر میں اس کی ملاقات شاہ رخ خان اور علی ظفرسے ہوتی ہے۔ شاہ رخ خان فلم میں ماہرنفسیات کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

میوزک ڈائریکٹر امیٹ تری ویدی کا کہنا ہے کہ وہ فلم میں اپنا کام مکمل کر چکے ہیں اور اب پوسٹ پروڈکشن کا کام ہو رہا ہے۔

توقع ہے کہ فلم نومبر میں ریلیز ہوگی۔

علی ظفر نے آخری دفعہ یش راج فلمز کی ’کل دل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

XS
SM
MD
LG