رسائی کے لنکس

القاعدہ کے مالی معاون پہ ایک کروڑ ڈالر انعام مقرر


القاعدہ کے مالی معاون پہ ایک کروڑ ڈالر انعام مقرر
القاعدہ کے مالی معاون پہ ایک کروڑ ڈالر انعام مقرر

امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ الصوری القاعدہ اور ایرانی حکومت کے درمیان موجود مفاہمت کے تحت کام کرتا ہے اور دہشت گردی کے لیے بھرتی کیے گئے افراد کو ایران کے راستے افغانستان اور پاکستان میں موجود القاعدہ رہنماؤں تک پہنچاتا رہا ہے

امریکہ نے مبینہ طور پر ایران میں روپوش القاعدہ کے ایک مالی معاون کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے پہ ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کے ایک اہلکار رابرٹ ہرٹنگ کا کہنا ہے کہ یسین الصوری، جسے عزالدین عبدالعزیز خلیل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایران سے رقوم اور دیگر وسائل کی پڑوسی ممالک میں موجود القاعدہ رہنماؤں کو فراہمی میں مدد دیتا رہا ہے۔

جمعرات کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب امریکہ نے دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے والے کسی فرد کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے پہ انعام مقرر کیا ہے۔

امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ الصوری القاعدہ اور ایرانی حکومت کے درمیان موجود مفاہمت کے تحت کام کرتا ہے اور دہشت گردی کے لیے بھرتی کیے گئے افراد کو ایران کے راستے افغانستان اور پاکستان میں موجود القاعدہ رہنماؤں تک پہنچاتا رہا ہے۔

ہرٹنگ کے بقول القاعدہ کے مبینہ مالی معاون نے تنظیم کے کئی اراکین کو ایران کی جیلوں سے رہا کرا کے پاکستان روانہ کیا جب کہ افغانستان اور عراق کی القاعدہ قیادت کو بھی بڑی بڑی رقوم منتقل کیں۔

XS
SM
MD
LG