رسائی کے لنکس

منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع


الطاف حسین منگل کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی ’منی لانڈرنگ‘ کے مقدمے کے سلسلے میں وسطی لندن میں واقع پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔ ان سے پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک تفتیش کی گئی

برطانوی دارالحکومت لندن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کیس کے تحت ضمانت میں جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔

پاکستان کے مقامی میڈیا نے لندن میں موجود اپنے نمائندوں کے حوالے سے جاری رپورٹس میں کہا ہے کہ الطاف حسین رقوم کی غیر قانونی منتقلی ’منی لانڈرنگ‘ کے مقدمے کے سلسلے میں منگل کو وسطی لندن میں واقع پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔ ان سے پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک تفتیش کی گئی۔

اس دوران، الطاف حسین کی قانونی معاونت کے لیے ایک قانونی ٹیم بھی ان کے ہمراہ رہی۔ الطاف اس مقدمے میں ضمانت پر تھے جس کی معیاد منگل کو ختم ہو رہی تھی جس میں آج جولائی تک توسیع کردی گئی۔

ایم کیو ایم کے سربراہ کو تین جون 2014 میں اس مقدمے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم، انہیں چار دن کی ابتدائی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ لندن پولیس نے ان کی ضمانت میں دو بار توسیع کی جس میں آخری بار تین دسمبر 2014 کو توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت 14 اپریل تک کر دی گئی تھی۔

لندن پولیس نے الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر چھاپے کے دوران اطلاعات کے مطابق بڑی مقدار میں نقد رقم برآمد کی تھی۔

پولیس کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انسداد دہشت گردی فورس نے یہ رقم دسمبر 2012 میں اس وقت برآمد کی جب متحدہ قومی موومنٹ کے ایک سینئر رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے مقدمہ قتل کی تفتیش کے سلسلے میں الطاف حسین کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا گیا تھا۔

اس چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں نقد رقم ملنے کے بعد 'منی لانڈرنگ' کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔

عمران فاروق کو ستمبر 2010ء میں لندن میں اْن کے گھر کے قریب قتل کر دیا گیا تھا۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس تاحال ان کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے۔

الطاف حسین1992ء سے لندن میں مقیم ہیں۔ ان کے پاس پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی بھی شہریت ہے۔

XS
SM
MD
LG