رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کا پرچم تبدیل، آئین میں بھی ترامیم


جمعرات کو پارٹی کے رہنما فاروق ستار نے اپنی رہائشی گاہ کے قریب واقع ایک ہال میں پارٹی پرچم کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر پارٹی ذمے داران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنا پارٹی جھنڈ اجزوی طور پر تبدیل کرلیا ہے جبکہ آئین میں بھی اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ پارٹی پرچم سےاس کے بانی الطاف حسین کا نام ہٹادیا گیا ہے جبکہ اس پر ایم کیو ایم کے انتخابی نشان ’پتنگ‘ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

جمعرات کو پارٹی کے رہنما فاروق ستار نے اپنی رہائشی گاہ کے قریب واقع ایک ہال میں پارٹی پرچم کی نقاب کشائی کی ۔اس موقع پر پارٹی ذمے داران ا ورکارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

نئے پرچم پرپرانے پرچم کی طرح کوئی نعرہ بھی درج نہیںتاہم پرچم پہلے کی طرح سفید، سبز اور سرخ رنگ پر مشتمل ہے۔

پارٹی ذرائع نے وی او اے کو بتایا کہ نئے پرچم کا فیصلہ ہوتے ہیں ہزاروں کی تعداد میں نئے پرچم تیارکئے جانے لگے ہیں ۔ شہر کی ایک سے زائد فیکٹریوں میں یہ پرچم تیاری کی آخری مراحل میں ہیں۔

22 اگست کے بعد پہلا باقاعدہ اجلاس
جمعرات کو جس اجلاس میں نئے پرچم کی نمائش کی گئی وہ 22اگست کے واقعے کے بعد ایم کیو ایم کے ذمے داروں اور کارکنوں کا پہلا باقاعدہ اجلاس تھا ۔ اجلاس میں ایم کیوایم پاکستان کے سینیٹر ز، ارکان اسمبلی اور نومنتخب بلدیاتی نمائندےبڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔

اجلاس میں ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکاء کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ کراچی کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 127ملیر پر اسی ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

’مائنس ون فارمولا‘قبول نہیں، واسع جلیل
دوسری جانب ایم کیو ایم کے لندن سیکریٹریٹ کی جانب سے جمعرات کو پہلا بیان سامنے آگیا ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن کے رکن واسع جلیل نے کہا ہے کہ ’الطاف حسین سے متعلق مائنس ون فارمولا قبول نہیں۔‘

ایک ٹی وی انٹرویو میں واسع جلیل نے کہا کہ ’ الطاف حسین ایم کیوایم ہیں اورایم کیوایم الطاف حسین۔قومی اسمبلی میں الطاف حسین سےمتعلق کوئی قراردادتسلیم نہیں کریں گے۔‘

رابطہ کمیٹی لندن کے ایک اور رکن قاسم علی رضا کاکہنا ہے کہ‘الطاف حسین کے بغیر متحدہ کی کوئی حیثیت نہیں جبکہ رابطہ کمیٹی پاکستان مائنس ون فارمولے پر عمل پیرا ہے جبکہ ہم قائد تحریک کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ‘‘

پارٹی آئین میں بھی ترامیم
پارٹی پرچم کے ساتھ ساتھ پارٹی کے آئین میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے ۔ اس بات کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے جمعرات کو ہنگامی پریس کانفرنس میں کیاجسے لندن سکریٹریٹ کے رکن واسع جلیل کی ٹوئٹ کا جواب کہا جارہا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ لندن سے مکمل قطع تعلق کے لیے پارٹی آئین میں ترامیم کی ضرورت تھیْ اس ترمیم کے تحت پارٹی فیصلوں کی توثیق کے لئے لندن سے رابطہ نہیں کرنا پڑے گا۔عملی طور پر پارٹی کو پاکستان سے چلایا جارہا ہے لہذا فیصلے اور اس کی توثیق بھی یہیں سے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف معاملات پرپارٹی کے اراکین اور پارلیمنٹ ممبران کی مشاورت سے فیصلے ہورہے ہیں۔ ہمارے اخلاص پر شک نہ کیا جائے بلکہ پرکھا جائے۔ہم نے 23تاریخ کی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر پارٹی آئین میں ترامیم کرنا پڑیں تووہ بھی کریں گے لہذا آج یہ ترامیم کردی گئیں۔

XS
SM
MD
LG