رسائی کے لنکس

ہماری پارٹی، سب کی پارٹی۔۔۔ بلاک پارٹی


امریکی محلوں میں ہونے والی بلاک پارٹیز اچھی تفریح کے ساتھ ساتھ پڑوسیوں کو ایک دوسرے کے حالات سے باخبر رکھنے کا بھی موقع بنتی ہیں۔

امریکیوں کے بارے میں باہر کی دنیا میں عام رائے ہے کہ یہاں اکثر مشترکہ دیواریں رکھنے والے گھروں کے پڑوسیوں کو بھی ایک دوسرے کی خبر نہیں ہوتی۔ لیکن ہم نے ریاست ورجینیا کے ایک محلے میں ایک ایسی پارٹی میں شرکت کی جس نے کم از کم اس کمیونٹی کے رہنے والوں کے بارے میں ہماری رائے بدل دی۔

مجھے دعوت ملی ایک بلاک پارٹی میں شرکت کرنے کے لیے۔ چونکہ اس نام کی پارٹی کے بارے میں نہ سنا تھا نہ ہی کبھی اٹینڈ کی تھی اس لیے فوراً ہاں کردی۔ مجھے اپنے میزبانوں سے معلوم ہوا کہ یہ پارٹی ان کی سٹریٹ میں رہنے والے سب پڑوسیوں کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کی گئی تھی۔

ہم پاکستانی سٹینڈرڈ ٹائیم کے مطابق، یعنیٰ کچھ تاخیر سے پارٹی میں پہنچے تو معلوم ہوا کہ زیادہ تر لوگ پہلے سے ہی پہنچ چکے تھے۔

پارٹیکا اہتمام گلی کے کونے میں کھلی جگہہ پر کیا گیا تھا۔سب سے پہلی چیز جو میں نے نوٹس کی وہ ایک بڑا پیلے رنگ کا ٹرک تھا جسے راستے میں کھڑا کرکے اس کارنر کو بلاک کردیا گیا تھا ۔ اب آپ سمجھے کہ اسے بلاک پارٹی کیوں کہتے ہیں ؟

خوش گپیوں میں مصروف پڑوسی
خوش گپیوں میں مصروف پڑوسی

میرا تعارف کروایا گیا تو سب نے بہت گرم جوشی سے ہیلو کہا۔

بچے کھیل میں مصروف جبکہ ان کے والدین ان پر نظر رکھنے کے ساتھ کھانے سے انصاف کرنے اور گپیں لگانے میں مگن تھے۔

پڑوسیوں کا لایا ہوا کھانا
پڑوسیوں کا لایا ہوا کھانا
لکڑ ی سے بنے ایک گول چبوترے کے نیچے سب پڑوسیوں کی لائی گئی ڈشز خاصے سلیقے سے رکھی ہوئی تھیں۔ میری میزبان نے بھی کبابوں کی دو ڈشز اور سکنجبین وہاں رکھ دی۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کردیا کہ ایک ڈش میں تیز مصالحے والے کباب ہیں اور دوسرے میں کم مصالحے والے۔ مجھے خاصی حیرت ہوئی یہ دیکھ کر کہ تھوڑی ہی دیر میں امریکی تیز مرچ مصالحے والے کبابوں کی ڈش ختم کر گئے جبکہ کم مر چ والے کباب پڑے ہی رہ گئے۔

اگرچہ کھانے کی ڈشز، بچوں کے گیمز اور فرنیچر کا انتطام سب پڑوسیوں نے مل کر کیا تھا لیکن کس نے کیا لا نا ہے اور کتنی مقدار میں یہ سب انتطام رضاکارانہ طور پر Lynn Orosco کے ذمے تھا۔

لین اورسکو اپنے پڑوسیوں اور رائیٹر کے ساتھ
لین اورسکو اپنے پڑوسیوں اور رائیٹر کے ساتھ
ریاست نبراسکا کے ایک گنجان آباد علاقے میں اپنا بچپن گزارنے والی لِن نے مجھے بتایا کہ ان کے علاقے میں ایسی پارٹیز بہت عام تھیں۔ ان کی رائے میں ایسی بلاک پارٹیز ان کمیونیٹیز میں زیادہ عام ہوتی ہیں جہاں بچوں والے خاندان رہتے ہوں۔

ریٹائیرڈ رئیر ایڈمرل Rick Buchanan اس محلے کی ہوم اونرز ایسو سی ایشن کے سابق صدرہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی بلاک پارٹیز ان محلّوں یا کمیونیٹیز میں زیادہ دیکھنے کوملتی ہیں جن کے رہائیشی اپنے علاقے کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ریاست Maine سے تعلق رکھنے والی اور اپنے پوتے پوتیوں سے ملنے کے لیے آئی ہوئی Lynda Stoddort نے مجھے بتایا کہ جہاں وہ رہتی ہیں وہاں چونکہ گھر دور دور ہیں اس لیئے وہاں عام طور پر ایسی پارٹیز کا اہتمام نہیں کیا جاتا۔


ایک پڑوسی Steve Doran کی رائے میں ایسی پارٹیز انتہائی مصروف رہنے والے امریکیوں کو اپنے پڑوسیوں اور کمیونٹی کے حالات سے باخبر رہنے میں مدد دیتی ہیں۔
پانی کے کھیل میں مگن دو بچیاں
پانی کے کھیل میں مگن دو بچیاں
پارٹی میں بچوں کے لیئے سپیشل گیمز کا بھی انتظام تھا ۔ Egg race یا منہ میں چمچ اور چمچ میں انڈا لے کر چلنے کی ریس، Apple Bobbing یا پانی سے بھرے ٹب میں موجود سیبوں کو دانتوں سے پکڑ کر نکالنے کی ریس اور ایک دوسرے کی مزے دار کمپنی۔
XS
SM
MD
LG