رسائی کے لنکس

مغوی امریکی شہری کی اسرائیلی وزیراعظم سے اپیل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وائن سٹین نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ایک یہودی کے طور پر دوسرے یہودی کی مدد کے لیے‘‘ اغوا کاروں کے مطالبات ماننے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان سے گزشتہ سال اغوا ہونے والے امریکی شہری وارن وائن سٹین نے اپنی بحفاظت بازیابی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم سے مدد کی اپیل کی ہے۔

انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی ایک وڈیو پیغام میں مغوی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر براک اوباما اور امریکی حکومت نے ان کے معاملے پر ’’کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی‘‘۔

وائن سٹین نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ایک یہودی کے طور پر دوسرے یہودی کی مدد کے لیے‘‘ اغوا کاروں کے مطالبات ماننے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس امریکی شہری کے اغوا کی ذمہ داری القاعدہ نے قبول کی تھی اور اس تنظیم نے وائن سٹین کی رہائی کے بدلے امریکہ سے مسلمان ملکوں پر فضائی حملے بند کرنے، امریکہ کی حراست میں موجود طالبان اور القاعدہ سے منسلک ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

اس تازہ وڈیو میں وائن سٹائن کو ایک کرسی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ انھوں نے سفید ٹی شرٹ پہن رکھی ہے جب کہ اغوا کاروں میں سے کوئی بھی وڈیو میں دکھائی نہیں دے رہا۔

وائن سٹین اپنے پیغام میں کہتے ہیں ’’ میں دو بیٹیوں کا باپ ہوں، میری ایک بیوی ہے، میں ایک نانا ہوں اور میں یہ امید کررہا تھا کہ اپنے خاندان کو دوبارہ دیکھ سکوں۔‘‘

اس وڈیو کے اصل ہونے کے بارے میں تصدیق نہیں کی جاسکتی ہے۔ لیکن دہشت گردوں کی انٹرنیٹ پر سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ایس آئی ٹی ای نامی ایک گروپ کا کہنا ہے کہ یہ وڈیو القاعدہ کے میڈیا ونگ ’السحاب‘ کی طرف سے آویزاں کی گئی ہے۔

رواں سال مئی میں وائٹ ہاؤس نے وائن سٹین کے ایسے ہی ایک وڈیو پیغام کے جواب میں کہا تھا کہ امریکہ القاعدہ کے ساتھ مذاکرات ’’نہ کرسکتا ہے اور نہ ہی کرے گا‘‘۔ ترجمان جے کارنی نے کہا تھا کہ امریکی حکام وائن سٹین کی بازیابی کے لیے کام کررہے ہیں۔

ڈاکٹر وائن سٹین پاکستان میں ایک امریکی ترقیاتی کمپنی سے وابستہ تھے اور انھیں گزشتہ سال اگست میں لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا تھا۔

وائن سٹین کے اہل خانہ کی طرف سے اغوا کاروں سے متعدد بار خرابی صحت اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی رہائی کی اپیلیں کی جاچکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG