رسائی کے لنکس

عامر خان کا مہنگا ترین اشتہاری معاہدہ


عامر خان کا مہنگا ترین اشتہاری معاہدہ
عامر خان کا مہنگا ترین اشتہاری معاہدہ

باکس آفس پر سپر ہٹ فلم تھری ایڈیئٹس کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد بالی وڈ میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے عامر خان نے متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کام کمپنی اتصلات کے ساتھ 35 کروڑ روپیے کا اشتہاری معاہدہ سائن کیا ہے۔ تین سال کے لیے سائن کیا ہوا یہ معاہدہ مالی لحاظ سے اشتہارات کی دنیا میں کسی بھی بالی وڈ ستارے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

واضح رہے کہ اپنی حالیہ ریلیز فلم تھری ایڈیئٹس کی کامیابی کے بعد عامر نے فلموں میں اداکاری سے عارضی طور پر وقفہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور فی الوقت وہ چھٹیاں منانے کے لیے بھارت سے باہر گئے ہیں۔ مگر یہ بات اپنی جگہ پر ہے کہ بالی وڈ کے ستاروں کے لیے اشتہاروں میں کام کرنا ایک منافع بخش سائڈ بزنس بن گیا ہے۔ فلم کے ہٹ ہوتے ہی فلمی ستاروں کو منہ مانگی رقم دے کر خریدا جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کام کمپنی کے اِس معاہدے پر اپنی مہر لگا کر عامر نے اشتہاروں کی دنیا میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، ریتک روشن، پرینکا چوپڑا، کترینا کیف اور ایشوریا رائے جیسی کامیاب ہستیوں کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سال میں محض ایک بالی وڈ فلم میں کام کرنے کے لیے مشہور مسٹر پرفیکشنسٹ اشتہاری دنیا میں بھی کسی بھی اشتہار کو سائن کرنے میں کافی احتیاط برتتے ہیں۔ عامر اس وقت پارلے، کوکا کولا، ٹاٹا اسکائے اور سیم سنگ جیسی کمپنیوں کے پروڈکٹس کے سفیر ہیں۔

اِس میں کوئی شک نہیں کہ اپنی ہر فلم میں منفرد کردار کرنے والے عامر اشتہاری فلموں میں بھی مختلف گیٹ اپ کے ذریعے اپنے مداحوں کو حیران کر دیتے ہیں اور اپنی برانڈ امیج سے لوگوں کی سوچ پر بھی حکومت کرتے ہیں۔ اور شاید اِسی لیے بھارت سرکار نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے عامر کو اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG