رسائی کے لنکس

عامر خان کے والد انتقال کر گئے


طاہر حسین نے اپنا فلمی سفر ’تم سے نہیں دیکھا‘ سے شروع کیا تھا۔ اس فلم کا ایک منظر
طاہر حسین نے اپنا فلمی سفر ’تم سے نہیں دیکھا‘ سے شروع کیا تھا۔ اس فلم کا ایک منظر

بالی وڈ ہیرو عامر خان کے والد اور مشہور و معروف فلم ساز طاہر حسین کا منگل کی صبح ممبئی کے باندرہ علاقے میں واقع عامر کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال ہو گیا ہے۔ بالی وڈ میں طاہر نے بطور پروڈیوسر، ہدایت کار اور مصنف اپنا فلمی کیریر بنایا۔ اُن کے سوگواروں میں ان کی بیوہ زینت، دو بیٹے عامر اور فیصل کے علاوہ دو بیٹیاں نزہت اور نکہت بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق طاہر حسین کی آخری رسومات بدھ کے روز اُن کے بیٹے عامر کے ممبئی واپس لوٹنے پر ادا کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ عامر اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ امریکہ میں سن ڈانس فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہے تھے۔ اُدھر سپرہٹ فلم ’جانے تو یا جانے نا‘ کے ذریعے چاکلیٹ ہیرو کی امیج بنانے والے اداکار عمران خان بھی اپنے ماموں کی طرح فلم شوٹنگ چھوڑ کر نیوزی لینڈ سے ممبئی واپس لوٹ رہے ہیں۔

طاہر حسین نے اپنا فلمی سفر 1957ء میں اپنے بھائی ناصر حسین کی فلم ’تم سا نہیں دیکھا‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر شروع کیا تھا۔ لیکن انہوں نے بالی وڈ میں اپنی صحیح پہچان ایک کامیاب پروڈیوسر کے طور پر بنائی۔ کاروان، انامیکا، زخمی، مدہوش، جنم جنم نا ساتھ اور ہم ہیں راہی پیار کے جیسی کئی سپرہٹ فلمیں گزرے دور کے فلم ساز طاہر حسین نے پروڈیوس کی ہیں۔

طاہر حسین نے 1990ء میں عامر اور جوہی چاولا کے ساتھ ’تم میرے ہو‘ فلم کے لیے پہلی بار ہدایت کاری کے فرائض بھی انجام دیے تھے۔ بہت کم لوگ واقف ہیں کہ عامر کے والد نے جب پیار کسی سے ہوتا ہے، ’جنم جنم کا ساتھ‘ اور’پیار کا موسم‘ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تھے۔

XS
SM
MD
LG