رسائی کے لنکس

شھرام امیری ایران پہنچ گئے


ایران کے جوہری سائنسدان شھرام امیری واشنگٹن سے تہران پہنچ گئے ہیں۔ تقریباً ایک سال تک لاپتہ رہنے کے بعد شھرام امیری منگل کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے ایرانی انٹریسٹ سیکشن میں پہنچے تھے۔

جمعرات کے روزشھرام جب تہران کے امام خمینی ائیرپورٹ پر پہنچے تو حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں، اُن کی اہلیہ ،سات سالہ بیٹے کے علاوہ دیگر احباب نے اُن کا استقبال کیا۔

واشنگٹن سے تہران روانگی سے قبل شھرام نے ایرانی حکومت کے اُس موقف کو دہرایا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ امیری کوسعودی عرب کے دورے کے دوران بندوق کی نوک پر اغواء کرنے کے بعد امریکہ کی انٹیلی جنس ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

امریکہ اس الزام کی تردید کرتا ہے اور منگل کو امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کے جوہری سائنسدان اپنی مرضی سے امریکہ میں موجودتھے اور اُن کی وطن واپسی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

امریکی وزرات خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے کہا ہے کہ ایسی کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں جو یہ ظاہر کرتی ہوں کہ امریکہ میں قیام کے دوران ایرانی سائنسدان کے ساتھ کسی طرح کا ناروا سلوک برتا گیا ہو۔ ترجمان نے کہا کہ شھرام سے امریکی حکام رابطے میں تھے لیکن اس دوران بات چیت کی نوعیت کیا تھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

شھرام امیری کے کئی متنازع ویڈیو پیغامات منظر عام پر آچکے ہیں جن میں سے ایک میں کہا گیا تھا کہ وہ امریکی ریاست ورجینیا میں انٹیلی جنس حکام کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جب کہ ایک الگ ویڈیو میں خود کو امیری ظاہر کرنے والے شخص کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG