رسائی کے لنکس

مداحوں کی داد پر امیتابھ بچن رو پڑے

  • رشید الدین

امیتابھ کی نئی فلم ’رن’ کا پوسٹر

امیتابھ کی نئی فلم ’رن’ کا پوسٹر

فلمی ستارے جو فلموں میں ہر طرح کے جذباتی کردار ادا کرتے ہیں لیکن ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں جو کبھی امنڈ آتے ہیں۔ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اس وقت ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا جب وہ جذبات سے مغلوب ہو کر رو پڑے۔

اپنی نئی فلم ’رن‘ کے پریمیئر شو کے دوران مداحوں کی داد پر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔ نئی دہلی میں فلم کے پریمیئر شو کے دوران بار بار تالیاں بج رہی تھیں۔ امیتابھ نے اس جذباتی لمحات کے بارے میں اپنے بلاگ میں تحریر کیا۔ان کا کہنا ہے کہ ماضی یا حالیہ عرصہ میں فلم کے دوران منظر یا ڈائیلاگ ختم ہونے پر مداحوں نے اس طرح کی داد نہیں دی لیکن رن کے پریمیئر کے دوران مداحوں کی داد ملی جس سے میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکا۔

اس فلم سے امیتابھ کو کافی توقعات ہیں۔میڈیا باالخصوص الیکٹرانک میڈیا کے حالات پر بنائی گئی اس فلم کے پروڈیوسر رام گوپال ورما ہیں۔پریمئر شو میں بگ بی کے فرزند ابھیشک اور بہو ایشوریا بھی شریک تھیں۔امیتابھ نے اس موقع پر ان غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کی کہ فلم میڈیا کے خلاف نہیں ہے۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ خود فلم کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس کا فیصلہ کریں: ’اگر آپ فلم دیکھیں تو ضرور پسند کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ فلم رن میں میڈیا کو بدنام کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کی گئی جس طرح کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بلکہ فلم میں میڈیا کو مرکزی کردار میں پیش کیا گیا ہے،جس کے گرد پوری فلم کی کہانی گھومتی ہے۔

امیتابھ نے کہا کہ وہ میڈیا کا احترام کرتے ہیں اور ان کے نزدیک میڈیا ملک کے ضمیر کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں پر بھاری ذمے داری ہوتی ہے۔فلم میں ان حالات کو پیش کیا گیا ہے جن میں نامہ نگاروں کو اپنے سینئرز اور مالک کے دباؤ میں آئے بغیر حقیقت بیانی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

فلم ’رن‘ میں امیتابھ ایک نیوز چینل کے مالک کے کردار میں پیش کیے گئے ہیں۔فلم ریلیز کی جاچکی ہے۔جس کے دوسرے کرداروں میں رتیش دیشمکھ،گل پناگ، پریش راول، رجت کپوراورسدیپ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG