رسائی کے لنکس

آسٹریلیا انسانی اسمگلروں کو رشوت دینے کی تحقیقات کرے: ایمنسٹی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایمنسٹی نے کہا کہ اس نے کشتی میں سوار تمام بالغ افراد اور عملے کے چھ ارکان کے انٹرویو کیے ہیں جنہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کے حکام نے انہیں پناہ گزینوں کی کشتی کو واپس موڑنے کے لیے مبینہ طور پر 32 ہزار ڈالر ادا کیے۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تںطیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' نے ان خبروں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جن کے مطابق آسٹریلیا کے حکام نے مبینہ طور پر پناہ گزینوں سے بھری کشتیوں کو واپس سمندر میں موڑنے کے لیے انسانی اسمگلروں کو پیسے دیے۔

ایمنسٹی نے کہا کہ اس کے پاس اس دعوے کے ثبوت موجود ہیں، مگر آسٹریلوی حکومت نے اس کی تردید کی ہے۔

آسٹریلیا نے پناہ گزینوں کے مسئلے پر سخت گیر مؤقف اختیار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ جب ممکن ہو گا وہ اپنے ساحلوں پر پہنچنے والے پناہ گزینوں کو واپس انڈونیشیا بھیج دے گا۔ اس نے ملک میں آنے والے پناہ گزینوں کو بحرالکاہل میں جزائر پر مشتمل جنوبی ممالک پاپوا نیو گنی اور نورو میں کیمپوں میں محصور کر رکھا ہے۔

مگر جون میں اس پالیسی پر اس وقت سخت تنقید کی گئی جب انڈونیشیا میں انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں گرفتار ہونے والے کشتی کے ایک کپتان اور عملے کے دو ارکان نے پولیس کو بتایا آسٹریلیا کے حکام نے انہیں پیسے ادا کیے تھے تاکہ وہ کشتی میں سوار 65 پناہ گزینوں کو واپس انڈونیشیا لے جائیں۔

آسٹریلیا کی پولیس نے انسانی اسمگلروں کو رشوت دینے کی خبروں کی تردید کی ہے مگر اس واقعے کے بعد ایک پارلیمانی انکوائری کا آغاز ہوا اور انڈونیشیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ایمنسٹی نے کہا کہ اس نے کشتی میں سوار تمام بالغ افراد اور عملے کے چھ ارکان کے انٹرویو کیے ہیں جنہوں نے تحقیق کاروں کو بتایا کہ آسٹریلیا کے حکام نے انہیں سری لنکا، بنگلہ دیش اور میانمار سے آنے والے پناہ گزینوں کی کشتی کو واپس موڑنے کے لیے مبینہ طور پر 32 ہزار ڈالر ادا کیے۔

انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے دو عہدیداروں، جن میں سے ایک بحریہ اور ایک سرحدی فورس سے تعلق رکھتا تھا، نے مسافروں اور عملے کے ارکان کو دو کشتیوں میں سوار کر کے، کچھ ایندھن دے کر اور ایک بنیادی نقشہ اور چی پی ایس آلہ دے کر واپس بھیج دیا اور ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔

اپنی رپورٹ میں ایمنسٹی نے ایک دوسرے کیس کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے جس میں 25 جولائی کو بھی مبینہ طور پر ایک کشتتی کے عملے کو رشوت دی گئی۔

XS
SM
MD
LG