رسائی کے لنکس

ٹیلر سوئفٹ سال 2013 کی امیر ترین گلوکارہ


ٹیلر سوئفٹ گذشتہ برس کی آمدنی کے اعتبار سے اپنے ساتھی گلوکاروں جسٹن ٹمبرلیک اور رولنگ اسٹون سے بہت آگے نکل گئی ہیں

مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو سال 2013 کی سب سے زیادہ دولت کمانے والی گلوکارہ قراردیا گیا ہے ۔

بل بورڈ میگزین کی سالانہ فہرست میں مس سوئفٹ 39.7 ملین ڈالر کی آمدن کے ساتھ سر فہرست نظر آتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 24 سالہ ٹیلر سوئفٹ کی آمدنی کے گوشوارے میں گذشتہ برس کی مجموعی میوزک سیل ، رائلٹی اور میوزکل شوز سے حاصل ہونے والی آمدنی کو شامل کیا گیا ہے۔

بل بورڈ کی اس فہرست کے مطابق ٹیلر سوئفٹ گذشتہ برس کی آمدنی کے اعتبار سے ساتھی گلوکاروں جسٹن ٹمبرلیک اور رولنگ اسٹون سے بہت آگے نکل گئی ہیں تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹیلر کے چوتھے البم کے گانوں کی دھوم اور اس کے چھ ماہ تک چلنے والے سولڈ آوٹ میوزکل شو ریڈ ٹور سے حاصل ہونے والی 30 ملین ڈالر کی آمدنی نے اسے امیر ترین گلوکاروں کی صف میں سب سے آگے لا کھڑا کیا ہے۔

میگزین کی جانب سے سالانہ زیادہ آمدنی کی فہرست میں جن گلوکاروں کا نام شامل کیا گیا ہے ان میں پینتالیس سالہ کینی چیسنی 33 ملین ڈالر کے ساتھ دوسری اور جسٹن ٹمبرلیک 31 ملین ڈالر کمائی کرنے کے بعد تیسرے سب سے امیر ترین گلوکار بن گئے ہیں جن کی گذشتہ برس کی کمائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

اس فہرست کے دیگر امیر ترین گلوکاروں میں نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے گلوکار بان جووی کا نام بھی شامل ہے جنھوں نے گذشتہ برس 29 ملین ڈالر کمائےان کے بعد امیر ترین گلوکار کا اعزاز رکھنے والے گلوکار رولنگ اسٹون نے گذشتہ برس کی 26 ملین ڈالر کمائے جنھیں بالترتیب امیر گلوکاروں میں چوتھا اور پانچواں نمبر حاصل ہوا ہے ۔

دریں اثناء بیونسے دسمبر میں اپنے نام کے عنوان سے ریلیز ہونے والے البم کی آمدن کے ساتھ چھٹی سب سے زیادہ آمدنی کمانے والی گلوکارہ کا اعزاز حاصل کر سکی ہیں۔ ان کے علاوہ اس فہرست میں کینڈین گلوکار اور موسیقار جسٹن بیبر 19ملین ڈالر کی آمدنی کمانے والے گیارہویں امیر ترین گلوکار قرار پائے ہیں ۔

قبل ازیں امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ 2013 کے لیے آرٹسٹ آف دا ائیر کا اعزاز بھی اپنے نام کروا چکی ہیں ۔

ٹیلر سوئفٹ نے 14 سال کی عمر میں فن موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی مسحورکن آواز کا جادو جگا کر لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ ٹیلر نے بہت کم عمری میں خود کو سانگ رائٹر کی حیثیت سے منوایا ہے۔ ان کا پہلا میوزک البم 2006 میں ریلیز ہوا جس نے انھیں امریکہ کی میوزک سلیبریٹی بنادیا۔ اب تک ٹیلر کے چار البم ریلیز ہو چکے ہیں اور انھیں اپنے دوسرے البم فئیرلیس پر گریمی ایواڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

انھیں سات مرتبہ کنٹری میوزک ایسوسی ایشن ایواڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ٹیلر کو ان کی سماجی خدمات کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے اس کے علاوہ انھوں نے مختلف ٹی وی پروگراموں میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر بھی دکھا رکھے ہیں۔
XS
SM
MD
LG