رسائی کے لنکس

اب آگیا ۔۔’انڈیا میں لاہور‘


پریشان نہ ہوں دراصل یہ بھارتی ڈائریکٹر کا پہلا شاہکار ہے جس میں پاکستانی اور بھارتی فنکار ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اس فلم کی سب سے سرپرائزنگ بات ۔۔ فلم میں کرکٹر محمد آصف کی شمولیت ہے۔

بھارت اور پاکستان کے ثقافتی رشتوں پر بدلتے موسموں کے سرد اور گرم رویے اثر انداز ہوتے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں کے فنکار ایک دوسرے کے ملکوں میں جاکر پرفارم بھی کرتے رہے ہیں۔

بالی وُوڈ کی کچھ فلموں میں ہیروئن پاکستانی تو ہیرو بھارت کا ہوتا ہے۔ پاکستانی اداکار اور سنگر علی ظفر کی جلدآنے والی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ میں بھی آپ کو ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملے گا جبکہ نوجوان دلوں کو محبت کے رشتوں سے جوڑتی ایک اوررومینٹک کامیڈی ’انڈیا میں لاہور‘ بھی جلد ہی نمائش کے لئے پیش کی جانے والی ہے۔

فلم کے بار ے میں سب سے زیادہ حیران کن بات اس وقت سامنے آئی جب فلم کے ڈائریکٹر اکرم اختر نے لاہور کے ایک ہوٹل میں میڈیا بریفنگ کے دوران ’انڈیا میں لاہور‘ کی کاسٹ کے بارے میں بتایا۔ کانفرنس میں انہوں نے یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا کہ ’انڈیا میں لاہور‘ کی کاسٹ میں پاکستانی کرکٹر محمد آصف بھی شامل ہوں گے۔

جی ہاں۔۔ صحیح سمجھے آپ یہ وہی ’وینا ملک‘ والے محمد آصف ہیں جو میچ فکسنگ اسکینڈل کے ہاتھوں کرکٹ کے میدانوں سے آؤٹ ہونے کے بعد فلم نگری میں ’اِن‘ ہونے کے لئے پرتول رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ اعلان بھی کررہے ہیں کہ ایسی کسی فلم میں کام نہیں کروں گا جس کی ہیرؤن وینا ملک ہوں گی۔

’ریڈی‘، ’نو پرابلم‘ اور ’تھینک یو‘ جیسی فلموں کے اسکرین پلے رائٹر اکرم اختر نے جب ڈائریکٹر بننے کی ٹھانی تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ فلم کی کہانی پیار اور محبت سے بھرے پاک بھارت رشتوں پر مشتمل ہو گی اور اس کی کاسٹ میں بھی دونوں ممالک کے فنکار شامل ہوں گے۔

فلم میں اکرم اختر کا ساتھ نبھا رہے ہیں بہت سی بلا ک بسٹر فلموں مثلاً ’کرش 3‘، ’عاشقی 2‘ اور ’شارٹ کٹ رومیو‘ کے اسکرپٹ رائٹر۔۔۔ سنجے معصوم۔

اکرم اختر کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں کراس بارڈر رومینٹک کامیڈی بنانے کا فیصلہ انہوں نے اس لئے کیا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ بس کچھ غلط فہمیاں سر اٹھاتی ہیں جن کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔اس فلم کے ذریعے میری کوشش بھی یہی ہوگی کہ دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئے۔

’انڈیا میں لاہور‘ کے لیڈ رول میں نظر آئیں گے دبئی میں رہنے والے لاہوری شہنشاہ زیدی جبکہ ہیروئن کے انتخاب کے لئے یواے ای، لاہور اور بھارت میں آڈیشنز منعقد کئے گئے ہیں، جن کا رزلٹ آنا باقی ہے۔

پریس کانفرنس میں فلم کے پروڈیوسر راجیش آر ترپاٹھی بھی موجود تھے جنہوں نے بتایا کہ ان کی فلم کمپنی بہت عرصے سے پاکستان اور بھارت کی مشترکہ پروڈکشن میں فلم بنانا چا رہی تھی اور اب ’انڈیا میں لاہور‘ کے ذریعے یہ خواہش پوری ہوگئی۔

ترپاٹھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب راج کپور نے زیبا بختیار کو اپنی فلم ’حنا‘ کے ذریعے بھارت میں انٹروڈیوس کرایا تو ایک کریز سا ہو گیا۔ ہر کوئی یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ پاکستانی ہیروئن پردے پر کیسی نظر آتی ہے۔ اب یہ کریز دوبارہ جنم لے گا۔

اکرم اختر نے اپنے ’ڈائرکٹوریل ڈبیو‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت آسان تھا کہ میں بڑے بڑے اسٹارز کو لے کر فلم بناتا لیکن میں نے مشکل راستہ چنا اور نئی کاسٹ کے ساتھ اسٹرونگ اسکرپٹ پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا تا کہ فلم کی کامیابی کا سہرا سپر اسٹارز کو نہ دیا جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ’انڈیا میں لاہور‘ بھارت اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایک ساتھ ریلیز کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG