رسائی کے لنکس

انور مقصود کا نیا اسٹیج پلے ’سیاچن‘، کشیدگی نہیں مزاح سے پُر


انور مقصود نے اپنے مخصوص انداز میں تناوٴ بھرے سبجیکٹ کو انتہائی مہارت سے مزاح کی چاشنی میں لپیٹ کر پیش کیا ہے، جسے دیکھ کر آڈینس ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجائیں گے

سیاچن کا نام آتے ہی برف سے ڈھکا منجمد گلیشئیر اور دنیا کا سب سے اونچا فوجی محاذ ذہن میں گھوم جاتا ہے۔ لیکن، لوگ اب ایک مختلف ’سیاچن‘ کا نظارہ کر سکیں گے اور یقیناً بھرپور طریقے سے لطف اندوز بھی ہوں گے۔

’پونے 14اگست‘، ’سوا 14اگست‘، ’ہاف پلیٹ‘، ’آنگن ٹیڑھا‘ جیسے میگاہٹ اسٹیج ڈراموں کی خالق ٹیم، ’کاپی کیٹ پروڈکشنز‘ اور انور مقصود ستمبر میں نیا ڈرامہ ’سیاچن‘ اسٹیج کرنے والے ہیں، اور انہیں پوری امید ہے کہ اس بار بھی شائقین پلے کو پسندیدگی کی سند بخشیں گے۔

’ ٹری بیون‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ڈائریکٹر داور محمود نے بتایا ’سیاچن کی کہانی پچھلے تمام اسٹیج ڈراموں سے الگ ہے۔ اس میں عید کے موقع پر پاکستانی فوجیوں کو قربانی کے لئے بکرے کی جگہ بھیجی گئی گائے کا موضوع ہے۔‘

داور کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انور مقصود نے اپنے مخصوص انداز میں تناوٴ بھرے سبجیکٹ کو انتہائی مہارت سے مزاح کی چاشنی میں لپیٹ کر پیش کیا ہے جسے دیکھ کر آڈینس ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجائیں گے۔‘

داور نے یہ بھی بتایا کہ ’سابقہ ڈراموں کے برعکس سیاچن کی 23 افراد پر مشتمل کاسٹ بالکل نئے چہروں پر مشتمل ہے، جن کو منتخب کرنے کے لئے اسلام آباد میں9 مئی کو آڈیشنز ہوں گے، جبکہ ڈرامہ اسلام آباد میں ستمبر اور کراچی میں اکتوبر میں اسٹیج کیا جائے گا۔‘

’سوا 14 اگست‘ کے سیکوئل کے بارے میں داور محمود نے کہا کہ یہ مہنگا ڈرامہ تھا اور اس کے اخراجات ملک میں بننے والی فلموں سے بھی زیادہ تھے۔سیکوئل بنانے کے لئے وسائل نہیں کیونکہ ’سوا14اگست‘ کامعیار برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG