رسائی کے لنکس

ولادی وسٹک میں ایپک راہنماؤں کا سربراہ اجلاس


امریکی وزیرخارجہ نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جِس کے تحت امریکہ اور روس اینٹارکٹک میں سائنسی تعاون کو فروغ دیں گے

ایشیا پیسیفک معیشتوں سے تعلق رکھنے والے 21ممالک کے نمائندہ راہنما اِس وقت مشرقی روس کی بندرگاہ والے شہر ولادی وسٹک میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت کررہے ہیں، جِس میں تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے عالمی افزائش کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا جارہا ہے۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن معاشی ترقی کےایشیا پیسیفک خطے کےاِس سربراہ اجلاس کی میزبانی کررہے ہیں، جہاں اجلاس کے باہر ہونے والی باہمی ملاقاتیں تقریباً اتنی ہی اہم ہیں جتنی کہ گروپ کی اپنی تقریبات۔

سربراہ اجلاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیوٹن اپنی نقل و حمل کی صنعت کو دونوں براعظموں میں فروغ دینے کی کوشش کریں گے، جس سےروس مشرقی ایشیا کی درآمدای ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسے میں جب اُس کی مصنوعات کی یورپ میں طلب کم ہوتی جارہی ہے۔

چین کے صدر ہُوجن تاؤ نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ اُن کا ملک زیریں ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اوراس غرض سے سڑکوں، ریلوے اور توانائی کے منصوبوں کا جال بچھانے کے لیے 150ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ملکی ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لانےسے یہ ممکن ہوگا کہ اگلے تین برسوں کے دوران چین 10ٹرلین ڈالر مالیت کے برابر مزید غیر ملکی مصنوعات درآمد کرسکے۔ مسٹر ہُو نے کہا کہ معاشی افزائش کے حصول کے لیے زیریں ڈھانچے کی ترقی کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے۔

سربراہ اجلاس سے باہر جاپان اورگزپروم کے عہدے داروں نے روس کے گیس کے بڑے ادارے کے ساتھ والدی وسٹک کے قریب تعمیرات کے ایک ابتدائی سمجھوتے پر دستخط کیے جس پر 13ارب ڈالر خرچ ہوں گے اور جس سے قدرتی گیس کی تنصیبات اور جہازرانی کے لئے بندرگاہ کی تعمیر مکمل ہوگی۔

جنوبی کوریا کی ینھاپ نیوز ایجنسی نےایک خبر میں بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ بک نے چین کے صدر ہُو سے ملاقات کی، جِس دوران اُنھوں نے گذشتہ ہفتے چین کےجنوب مغرب میں دو عدد زلزلے آنے کے واقعات پر اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لواروف کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیےہیں جِس کے تحت امریکہ اور روس اینٹارکٹک میں سائنسی تعاون کو فروغ دیں گے۔

ہلری کلنٹن صدر براک اوباما کی جگہ ایپک سربراہ اجلاس میں شرکت کر رہی ہیں، کیونکہ دوسری مدت کے انتخاب کے سلسلے میں مسٹر اوباما نارتھ کیرولینا میں ڈٰیموکریٹک نیشنل کنوینشن میں مصروف تھے۔

اپنے قیام کے دوران، ہلری کلنٹن صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کرنے والی ہیں جس میں وہ شام میں خونریزی کے خاتمے کی کوششوں کےسلسلے میں بات چیت کریں گی، جہاں حکومتی فوج باغیوں کی طرف سے18ماہ سے جاری بغاوت سے لڑ رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG