رسائی کے لنکس

آئی فون4 مارکیٹ میں آگیا


آئی فون4 مارکیٹ میں آگیا
آئی فون4 مارکیٹ میں آگیا

بالآخر ایپل نے اپنے آئی فون کا نیا ماڈل لانچ کردیا ہے، جس کا شائقین ایک عرصے سے انتظار کررہے تھے، اور بہت سے ایسے افراد نے جوآئی فون خریدنا چاہتے تھے، اپنی خریداری نیا ماڈل آنے تک ملتوی کردی تھی۔

ٹیکنالوجی کے کئی ماہرین نے آئی فون کے نئے ماڈل کو،ا سمارٹ فونز کی نسل میں سب سے خوبصورت ، سب سے زیادہ مختصر اور بہت سی نئی خوبیوں کا حامل قرار دیتے ہوئے اسے ایپل کی ایک بڑی کامیابی قراردیا ہے۔

پیر کے روز سان فرانسسکو میں ایک خصوصی تقریب کے دوران آئی فون فور کی رونمائی کرتے ہوئے اپیل کمپنی کے سربراہ اسٹیو جابز نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے مختصر سائز کا اسمارٹ فون ہے اور ایپل نے اس سے زیادہ خوبصورت اور جامع چیز مارکیٹ میں پیش نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی فون فورمیں اس سے قبل کے ماڈل کے مقابلے میں کہیں زیادہ اضافی خصوصیات موجود ہیں۔

نئے آئی فون کا بیرونی حصہ شیشے اور اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں پانچ میگا پکسل کا کیمرہ اور فلیش لائٹ موجود ہے۔ نئے آئی فون کی اسکرین کی ریزولوشن ، سابقہ ماڈل تھری جی ایس کے مقابلے میں چارگنا زیادہ ہے۔ جس کے باعث اس پر دکھائی دینے والی تصویر زیادہ واضح ، روشن اور رنگ کہیں زیادہ خوبصورت ہیں۔ زیادہ ریزولوشن کے باعث اس پر ایچ ڈی ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں۔

نئے ماڈل میں ہائی ڈیفی نیشن ویڈیو کی ریکارڈنگ اور ایڈیٹنگ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اور اس ماڈل کے ذریعے ٹیلی فون کے ساتھ ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ بھی کی جاسکتی ہے۔

آئی فون فور میں ایپل نے اپنا تیار کردہ پراسیسر اے فور لگایا ہے۔ چیف ایگزیکٹو جابز کا کہنا ہے کہ اس نئے پراسیسر کی وجہ سے فون کی کارکردگی اور اس کی رفتار بہتر ہوئی ہے اور وہ پہلے ماڈل کے مقابلے میں کم توانائی استعمال کرتا ہے۔ نئے ماڈل میں پہلے کی نسبت بڑی بیٹری فراہم کی گئی ہے اور اسے ایک بار چارج کرنے کے بعد زیادہ وقت کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

نئے فون پر بیک وقت کئی پروگرام ایک ساتھ چلائے جاسکتے ہیں۔نیا ماڈل 16 اور32 جی بی فلیش ہارڈ ڈسک کے ساتھ دستیاب ہے۔

XS
SM
MD
LG