رسائی کے لنکس

عرب دنیا میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، طرابلس میں جھڑپوں کی اطلاعات


بحرین کے دارالحکومت مناما میں احتجاج کا ایک منظر
بحرین کے دارالحکومت مناما میں احتجاج کا ایک منظر

لیبیا اور یمن میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید ہلاکتیں

بتایا جاتا ہے کہ اتوار کے روز لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں معمر قذافی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان اُس وقت جھڑپیں ہوئیں ہیں جب لیبیا کے لیڈر نے اپنے 40سالہ حکمرانی کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرنے والوں کو کچلنے کی کوشش کی ۔

چشم دید گواہوں کے مطابق اتوار کے دِن ملک کے دوسرے بڑے شہر، بِن غازی میں کچھ فوجی اہل کار حکومت خلاف مظاہرین میں شامل ہوگئے جہاں اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گذشتہ ہفتے سے جاری احتجاجی مظاہروں پر فائرنگ کرکے بیسیوں افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

ہیومن رائٹس واج کے مطابق، لیبیا میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 173ہوگئی ہے۔

دریں اثنا، لیبیا اور یمن میں احتجاجی مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ بحرین کے دارالحکومت مناما کے پرل اسکوائر سے سکیورٹی فورسز کی روانگی کے بعد ہزاروں کی تعداد میں جمہوریت کے حامی ایک مرتبہ پھر یہاں اکٹھا ہو گئے ہیں۔

نیویارک میں قائم انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے اتوار کو جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق لیبیا میں گذشتہ پانچ روز سے جاری مظاہروں کے دوران کم از کم 173افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق یہ تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔

عرب دنیا میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، طرابلس میں جھڑپوں کی اطلاعات
عرب دنیا میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، طرابلس میں جھڑپوں کی اطلاعات

لیبیا میں عینی شاہدین اور ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ ملک کے دوسرے بڑے شہر بن غازی میں سکیورٹی فورسز نے ہفتہ کو 15 مظاہرین کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے جنازے کے لیے جمع ہو رہی تھی۔

بعض رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی طرف سے ایک فوجی تنصیب میں داخل ہونے کی کوشش پر وہاں موجود ماہر نشانہ بازوں نے اُن پر فائرنگ کی۔ اُنھوں نے اس واقع کو ’قتلِ عام‘ قرار دیا۔

لیبیا میں حکام نے ہفتہ کو ملک بھر میں انٹر نیٹ کی سروس منقطع کر دی تھی کیوں کہ اسے حکومت مخالف مظاہروں کے لیے عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے موثر انداز میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

اتوار کو مراکش میں بھی کم از کم دو ہزار افراد نے دارالحکومت رباط میں احتجاجی جلوس نکالا اور سیاسی اصلاحات، نئے آئین، مزید معاشی موقعوں کی فراہمی اور بدعنوانی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

بحرین میں حکمرانوں کی طرف سے پولیس اور سکیورٹی فورسز کو دارالحکومت مناما کے پرل اسکوائر خالی کر دینے کے حکم کے بعد جمہوریت پسندوں نے یہاں اپنا احتجاجی کیمپ قائم کر لیا ہے۔

حکمران الخلیفہ خاندان نے شیعوں کی اکثریت والی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ بحرین میں حزب اختلاف بادشاہی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہی ہے۔

اُدھر مصر میں احتجاجی مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر تقریباً ایک ہفتے بند رہنے کے بعد اتوار کو بینک دوبارہ کھل گئے۔

عرب دنیا میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، طرابلس میں جھڑپوں کی اطلاعات
عرب دنیا میں احتجاجی مظاہروں میں شدت، طرابلس میں جھڑپوں کی اطلاعات

الجزائرمیں پولیس نے ہفتہ کو سینکڑوں حکومت مخالف مظاہرین کو دارالحکومت کی طرف پیش قدمی سے روک دیا۔ یہ مظاہرین ’آزاد اور جمہوری الجزائر‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔

جبوتی میں حکام نے سکیورٹی فورسز اور حزب اختلاف کے کارکنوں کے درمیان جمعہ کو ہونے والی جھڑپوں کے بعد تین اہم اپوزیشن رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG