رسائی کے لنکس

عراق میں ٹی وی چینل کی عمارت پر حملہ، چار ہلاک


عراق کے دارالحکومت بغداد میں پیر کو ایک بین الاقوامی ٹی وی چینل کے دفاتر پر خودکش حملہ کیا گیا ہے جس سے کم از کم چار افراد ہلاک اور ایک رکن پارلیمنٹ سمیت ایک درجن افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے ” العربیہ“ نیوز چینل کی عمارت کے داخلی راستے کے قریب بارود سے بھری ایک چھوٹی بس میں دھماکا کر دیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہے۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے العربیہ کی عمارت سمیت متعدد نزدیکی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور اپنے گھر میں موجود ممبر پارلیمنٹ سلام الزوبائے پانچ محافظوں سمیت زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی جگہ پر تقریباً آٹھ فٹ چوڑا اور اڑھائی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔

عراقی فوج کے ترجمان میجر جنرل قاسم الموسوی کے مطابق حملے میں القاعدہ کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ قبل بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے دفاتر پر القاعدہ کے حملوں کی دھمکیاں ملی تھیں اور ایسی عمارتوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG